27

پانی کا بحران شدت اختیا ر کر گیا، پاسبان نے واٹر بورڈ کے گھیراؤ کی دھمکی دے دی

پانی چوری، نا انصافی پر مبنی تقسیم،بد انتظامی، پانی کے ضیاع  اور نا اہلی کے واقعات پر قابو پایا جائے: عبدالحاکم قائد
عوام مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے 
کراچی:  پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت کراچی کے عوام کو بوند بوند پانی کے لئے ترسایا اور تڑپایا جا رہا ہے۔ سٹی حکومت اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلی افسران اپنا قبلہ درست کر یں۔

پانی کی چوری،غیر قانونی فروخت، نا انصافی پر مبنی تقسیم، بد انتظامی، پانی کے ضیاع اور ناہلی و فرائض کی کام چوری جیسے واقعات پر قابو پایا جائے ورنہ کراچی کے مشتعل عوام پاسبان کی کال پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مرکزی دفتر کے زبردست گھیراؤ پر مجبور ہوں گے۔ وہ پاسبان پبلک سیکریٹیریٹ ضلع سینٹرل میں پانی کی قلت کا شکار مختلف علاقوں کے وفود سے ملاقات پر اظہار خیال کر رہے تھے۔



اس موقع پر پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے عہدیداران  سلیم جنجوعہ،ملک اسلم،رضوان احمد، آصف بخشی و دیگر بھی موجود تھے۔ عبدالحاکم قائد نے کہا کہ کراچی کی پوش آبادیوں اور کچی آبادیوں سمیت ہر علاقے میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ واٹر بورڈ کے مقامی دفاتر کے چکر لگا لگا کر اور والو مینوں کے پیچھے گھوم گھوم کر عوام تھک گئے ہیں، مہنگے داموں پانی خریدتے یا بھاری مالیت ادا کر کے ٹینکر ڈلواتے ہیں۔  واٹر بورڈ کے اہلکار اور بعض بد عنوان افسران عوام کے حصے کا پانی صنعت کاروں کو فروخت کر رہے ہیں۔عوام کے حصے کا پانی ہائیڈرینٹ سے چوری کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں کئی مقامات پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی بلکہ واٹر پائپ لائن سے پانی چوری کیا جا رہا ہے۔ تقسیم کے معاملے پر بھی بدانتظامی پائی جاتی ہے۔



کراچی میں اور کراچی شہر کی پانی کی آمد کے راستوں میں بھی نہ صرف پانی کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ پانی چوری بھی ہو رہا ہے جس کی وجہ سے پانی کی قلت کراچی کے شہریوں کے لئے عذاب بن گئی ہے۔ عبدالحاکم قائد نے کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے عوام کے دلوں میں روز بروز اشتعال بڑھتا جارہا ہے، عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہو رہا ہے۔ پاسبا ن واٹر بورڈ کے حکام کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں، دفاتر میں آرام طلبی چھوڑ کر بدانتظامی اور رشوت خوری کو ختم کر کے فرض شناسی کو اپنا شعار بنائیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں