انوشکا اور کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں دینے والا ملزم ضمانت پر رہا

بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی بیٹی کو آن لائن ریپ کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو ضمانت پر رہائی مل گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا ملزم، جس نے ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی 9 ماہ کی بیٹی کو سوشل میڈیا پر ریپ کی دھمکیاں دی تھیں، اُسے ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

پیشے سے سافٹ ویئر انجینئر، 23 سالہ رام ناگیش کو رواں ماہ ہی ممبئی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ممبئی کے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے 50 ہزار روپے کے بونڈ کے عوض 23 سالہ رام ناگیش کو ضمانت پر رہا کیا ہے جبکہ ملزم کو ایک ماہ تک ہفتے میں دو بار پولیس اسٹیشن میں پیش ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں پاکستان کے خلاف شکست کے بعد ویرات کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں ملی تھیں۔