’ہیپی ریٹائرمنٹ‘: کرکٹرز کا ڈی ویلیئرز کو خراج تحسین

جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے جس پر انہیں کرکٹرز نے سوشل میڈیا پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز کےانٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کےاعلان کے بعد سے ہیش ٹیگ ہیپی ریٹائرمنٹ(Happy Retirement #) ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

برطانوی کرکٹر روی بوپارہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اے بی ڈی ویلیئرز کے لیے لکھا کہ ’ہمیں عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک کی ریٹائرمنٹ دیکھ کر دکھ ہوا‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’اگرچہ یہ افسوسناک ہے، لیکن ڈی ویلیئرز کے کیریئر کو منایا جانا چاہئے کیونکہ انہوں نے بلے بازی کو ایک نیا انداز دے کر اسے بہت زیادہ دلچسپ بنایا‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ریٹائرمنٹ مبارک ہو اور اپنے خاندان کے ساتھ اچھا وقت گزاریں‘۔

برطانوی بلے بار جوس بٹلر نے اے بی ڈی ویلیئرز کی ریٹائرمنٹ پر ان کے لیے ٹوئٹر پر خصوصی پیغام میں لکھا کہ ’کیا کھلاڑی ہے!‘
انہوں نے لکھا کہ’وہ ان لوگوں میں سے تھے جو صرف ڈی ویلیئرز کو بلے بازی کرتے دیکھنے کے لیے ٹی وی آن کرتے تھے‘۔

بٹلر نے مزید لکھا کہ ’ریٹائرمنٹ سے لطف اندوز ہوں‘۔

سری لنکن کرکٹر اینجلو میتھیوز نے اے بی ڈی ویلیئرز کے لیے اپنے پیغام میں لکھا کہ’ شاندار کیریئر پر مبارکباد‘۔
انہوں نے لکھا کہ’ مسٹر 360 ڈگری نے کرکٹ کی دنیا کو روشن کیا اور آپ کے خلاف کھیل کر خوشی ہوئی!‘

پاکستانی کرکٹر فخر زمان نےاپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ’ انہیں وہ وقت یاد ہے جب وہ ڈی ویلیئرز کی بلے بازی دیکھنے کے لیے سب کچھ روک دیتے تھے‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’ ڈی ویلیئرز ہمیشہ چیمپئن تھے اور رہیں گے‘۔

جبکہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نےاپنےٹوئٹر پیغام میں ڈی ویلیئرز کی زندگی کی نئی شروعات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔