سول اسپتال میرپورخاص کے ایمرجنسی اور کارڈیو ایمرجنسی وارڈز کی بندش اور شہر سے 5کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقلی کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار


میرپورخاص( تحسین احمد خان )ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں سول اسپتال میرپورخاص کے ایمرجنسی اور کارڈیو ایمرجنسی وارڈز کی بندش اور شہر سے 5کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقلی کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ وارڈز کی دوردراز ڈسٹرکٹ اسپتال منتقلی کا فیصلہ شہری عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ او میرپورخاص سے ملاقات کے دوران اپنے تحفظات سے آگاہ کرچکے ہیں۔شہر کے وسط میں قائم سول اسپتال میرپورخاص کے ایمرجنسی اور کارڈیو ایمرجنسی وارڈزبند کرکے شہریوں کو فوری علاج کی سہولت سے محروم کردیا گیا ہے جس کے خلاف عوامی احتجاج، دھرنے سمیت صوبائی و قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھرپور صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔ انہوں نے سیکریٹری ہیلتھ سے مطالبہ کیا کہ صحت دشمن فیصلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ دونوں وارڈز کو سول اسپتال میرپورخاص منتقل کیا جائے تاکہ شہریوں کو فوری طبی سہولیات حاصل ہوسکیں ٭٭