وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی صدارت میں اج ان کے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں گجر نالہ، محمود آباد نالہ اور اورنگی نالہ کے متاثرین کی آبادکاری کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کے مذکورہ نالوں کی کشادگی اور صفائی کے سبب متاثر ہونے والی آبادی کو متبادل مقام پر آباد کرنے کے لئے لو کاسٹ ہاؤسنگ اسکیم لائی جائے جہاں بجلی، پانی، گیس، روڈ نیٹ ورک اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرین کو نئی جگہ پر آبادکاری میں سہولت میسر آسکے۔
اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کراچی کے ان تینوں بڑے نالوں کے متاثرین کی آبادکاری کے لئے اسکیم 42 اور تیسر ٹاؤن میں کم لاگت مکانات کی فراہمی کی تجویز ہے ۔
اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ہدایات دیں کہ نالہ متاثرین کی جلد آباد کاری کے لئے پی سی ون تیار کرکے منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آئین پاکستان میں دیئے گئے انسانی حقوق اور معزز عدلیہ کے احکامات کی بجاآوری کے لئے واضح ہدایات کی روشنی میں پاکستان پیپلز پارٹی اپنی قیادت کے وژن، پارٹی کے منشور اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر سندھ حکومت اپنے شہریوں کو کبھی بھی بےگھر ہوتا نہیں دیکھ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کو روٹی ، کپڑا اور مکان کی فراہمی میں سبقت لی ہے ۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مکان، تعلیم، صحت روزگار اور عوامی بہبود کی اسکیموں پر عملدرآمد کیاہے۔اور ہم ہمیشہ اپنے منشور کے مطابق عمل کرتے رہیں گے اور جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی وہاں عوام کو گھر، روزگار، تعلیم ، صحت اور دیگربنیادی ضرورتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں سیکریٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ، مینجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسداللہ خان، مینجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ، ایم ڈی اے اور محکمۂ بلدیات کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔