عام استعمال کی اشیاء خورد و نوش ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق فروخت کرکے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ادا کریں۔


سجاول: 16- نومبر 2021ء (ھ آ): ڈپٹی کمشنر سجاول محمد اسماعیل میمن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تاجروں برادری پر زور دیا کہ وہ عام استعمال کی اشیاء خورد و نوش ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق فروخت کرکے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ روز مرہ استعمال کی اشیاء خورد و نوش مقررہ قیمتوں سے زیادہ قیمت پر فروخت اور ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے تاجروں اور دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکارز کو ہدایت کی کہ وہ عام اشیاء خوردونوش کی فروخت پر کڑی نظر رکھیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں اور بازاروں میں اچانک چھاپے مار کر اشیاء کی قیمتیں چیک کریں اور مقررہ نرخوں پر عمل نہ کرنے والے تاجروں اور دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام باالخصوص ئریب عوام کو عام استعمال کی مصنوعات سستی اور مقررہ نرخوں پر فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ دکانداروں اور تاجروں کو روزانہ کی بنیاد پر مقرر کردہ نرخوں کی فہرستیں فراہم کریں اور فہرستوں کو نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ عام خریداروں کو نرخوں کے متعلق آگاہی فراہم ہو سکے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی گل عباس، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس کنٹرول ، ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختارکارز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، تاجر رہنماء ، حسین میمن، عبدالغفور قصائی و دیگر بھی موجود تھے۔
آ نمبر 100 (م ع ج)