برطانیہ میں پاکستانی ٹیم کے گرینڈ چیمپیئن سمیت پانچ مختلف ٹیکنیکل اور میڈیا ایوارڈز جیتنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی مبارکباد 

طلباءکو اس مقابلے میں حصہ لینے کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پانچ لاکھ روپے اپنے خصوصی فنڈ سے جاری کئے تھے
کراچی – گورنر سندھ عمران اسماعیل نے برطانیہ میں منعقد ہ IMechE UAS Challenge 2019میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی NUST کی ایئر ورکس ٹیم کو گرینڈ چیمپیئن سمیت پانچ مختلف ٹیکنیکل اور میڈیا ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پوری ٹیم کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی بہتر طریقے سے رہنمائی کی جائے،

[embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=3bgDy9yZWxY[/embedyt]

بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے طلباء ہی پاکستان کے بہتر مستقبل کے ضامن ہیں۔ واضح رہے کہ NUST کے طلباءکو اس مقابلے میں حصہ لینے کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پانچ لاکھ روپے اپنے خصوصی فنڈ سے جاری کئے تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل سے ہی ملک کے مسائل کا حل ممکن ہے۔



دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی قوموں نے تعلیم پر بھرپور توجہ مرکوز رکھی۔ آج کے نئے پاکستان میں تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے تعلیم کو عام کرنا ہوگا اور اس ضمن میں موجودہ وفاقی حکومت نے اس بات کی اہمیت جانتے ہوئے جدید تعلیمی درسگاہوں کی تعمیر کے لیے ایک خطیر رقم مختص کی ہے۔