دونوں سیمی فائنل میں حیران کُن یکسانیت

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنل مختلف مقامات، دن اور مختلف ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے تاہم دونوں میچز میں کئی چیزیں حیران کن طور پر ایک ہی طرح کی ہوئیں۔

پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھی ٹاس جیتنے والی ٹیم (آسٹریلیا) نے پہلے فیلڈنگ کا ہی انتخاب کیا اور پاکستان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ نے پہلے سیمی فائنل میں مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے بھی مقررہ اوورز میں 4 کھلاڑی ہی آؤٹ ہوئے، تاہم اس میچ میں پاکستان نے 10 زیادہ یعنی 176رنز بنائے۔

پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ہدف 6 گیند پہلے پورا کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھی پاکستان کے خلاف جیت 6 گیندوں پہلے ہی حاصل کی۔

کئی چیزوں کی طرح دونوں سیمی فائنل میں یہ چیز بھی مشترک رہی کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا دونوں ہی نے اپنے اپنے میچ 5 وکٹ سے جیتے۔

دونوں سیمی فائنل جیتنے والی ٹیموں کے بیٹرز نے اپنی اپنی ٹیموں کو باؤنڈری شاٹس کے ذریعے فتح دلائی۔