سندھ حکومت کان کنوں کو صحت کے بیمہ سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ امتیاز احمد شیخ

سندھ حکومت کان کنوں کو صحت کے بیمہ سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔
امتیاز احمد شیخ

کراچی 10 نومبر 2021ء
وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی صدارت میں محکمۂ توانائی سندھ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں لاکھڑا کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کی صحت کے بیمہ کے لئے تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس میں جوبلی انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ جبکہ سیکریٹری توانائی سندھ ابوبکر مدنی اور ایڈیشنل سیکریٹری کول مائنز سندھ خادم حسین چنہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ محنت کشوں اور کان کنوں کی صحت وسلامتی کے لئے اقدامات پر گہری نظر رکھتے ہیں اسی وژن کے پیش نظر سندھ حکومت صوبے میں موجود کوئلے کی کانوں پر کام کرنے والے کان کنوں کو کام کے دوران کسی بھی حادثہ پیش آجانے کی صورت میں ہسپتال میں علاج کی مکمل سہولیات اور ضروری مالی اعانت کی فراہمی کے لئے انشورنس کمپنی کی خدمات حاصل کرنا چاہتی ہے تاکہ وقت ضرورت کان کنوں کو صحت کے بیمہ کی سہولت دی جاسکے اور مشکل وقت میں کان کن کو معقول علاج معالجہ اور مالی امداد فراہم کی جاسکے۔
انشورنس کمپنی کے نمائندوں نے کان کنوں کو بیمہ سہولیات کی فراہمی کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں جس پر وزیر توانائی سندھ نے ہدایات دیں کہ انشورنس کمپنی جلد اس بارے میں ایک معقول پروگرام پیش کرے جس پر جلد از جلد عمل درآمد شروع کیا جاسکے۔