آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے علم دوست افراد کے لیے ”یوسفی بُک کارنر“ کا افتتاح

آرٹس کونسل کتب بینی کے فروغ کے لیے زبردست اقدامات کررہا ہے، صوبائی وزیر ثقافت و تعلیم سید سردار علی شاہ

کراچی()کتاب دوستی کا فروغ بے حد ضروری ہے، لائبریری نشوونما کے لیے بہترین دوا ہے ، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کتب بینی کے فروغ کے لیے زبردست اقدامات کررہا ہے، آرٹس کونسل میں ”یوسفی بُک کارنر“ کاقیام علم دوست افراد کے لیے بہترین اقدام ہے، ان خیالات کا اظہار وزیر ثقافت و تعلیم سید سردار علی شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ”یوسفی بُک کارنر“ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سردار علی شاہ نے کہاکہ مجھے خوشی ہورہی ہے کہ میں یوسفی بُک کارنر کا افتتاح کررہا ہوں، یہ نہایت ضروری ہے کہ کتب بینی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے، کلچرڈیپارٹمنٹ 30 لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا ہے جہاں میں ذاتی طور پر وزٹ کرتارہتا ہوں، انہوں نے مزید کہاکہ آرٹس کونسل کراچی آن لائن قارئین کے لیے بھی ایسی سہولتیں پیدا کرے اس ضمن میں کلچر ڈیپارٹمنٹ بھرپور تعاون کرے گا۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ہمارے پاس یوسفی صاحب کی یادوں کا خزانہ ہے، آرٹس کونسل نے ان کی بے شمار کتابیں چھاپی ہیں، مشتاق احمد یوسفی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آرٹس کونسل کے بک کارنر کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں کتاب کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا تاکہ نوجوان نسل میں کتب بینی کے شوق میں اضافہ ہو۔لائبریری اور آرکائیو کی چیف آرگنائزر فاطمہ حسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یوسفی کارنر میں کتاب دوست افراد کے لیے تمام کتابیں میسر ہوں گی، لائبریری ذہنی صحت کا اسپتال ہے، آرٹس کونسل مرکزی جگہ ہے، یہاں علم دوست افراد با آسانی آ سکتے ہیں، یوسفی کارنر میں کتابیں فروخت کے لیے رکھی گئی ہیں،اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر قاسم سومر اور علم دوست افراد کی بڑی تعداد بھی شریک تھی، صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ نے کچھ کتابیں وزیر ثقافت و تعلیم سید سردار شاہ کو بطور تحفہ پیش کیں، سید سردار علی شاہ نے یوسفی بُک کارنر پر کتابوں کا مطالعہ کرتے ہوئے اپنا کچھ وقت بھی گذارا۔