حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ اس وقت تک نہیں رکے گا کہ جب تک یہ سلیکٹڈ حکومت گھر نہ چلی جائے

لاڑکانہ۔   محمد عاشق پٹھان….. چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری دو روزہ وقفے کے بعد ایک بار پھر کراچی سے لاڑکانہ پہنچے جہاں وہ موئن جو دڑو ایئرپورٹ سے سیدھا لاڑکانہ شہر کی یونین کمیٹی 09 محلہ ریالی باغ میں پارٹی کے ریکارڈ ایونٹ سیکریٹری عبدالباری عباسی کی رہائش گاہ آئے، بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یوسی صدر عبدالوارث بھٹو اور جنرل سیکریٹری علی حسن لاشاری کی میزبانی میں ہونے والے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس کی سربراہی کی، بلاول بھٹو زرداری نے اختیار لاشاری سے ان کے چاچا محمد نواز شیخ اور فدا حسین لاڑک سے ان کے والد محمد بخش لاڑک کے انتقال پر تعزیت کی، حمیر امداد اور نعیم امداد سے ان کے والد عاشق میمن اور حزب اللہ خان پٹھان سے ان کے والد شربت خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، بلاول بھٹو زرداری کا اپنے انتخابی حلقے کی صورت حال سے متعلق جیالوں اور علاقہ معززین سے فرداً فرداً استفسار بھی کیا، بلاول بھٹو زرداری کو جیالوں نے ان کے انتخابی حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا، حل سے متعلق تجاویز پر بھی مکالمہ ہوا، بلاول بھٹو سے یوسی 09 محلہ ریالی کے معززین نے کچی آبادیوں کو لیز کرنے کے معاملے پر تعاون کے حوالے سے اظہار تشکر کیا جس پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جمعہ 29 اکتوبر کو ملک کے تمام اضلاع میں مہنگائی کے خلاف تاریخی احتجاج کا انعقاد جیالوں کی ایک اہم کامیابی ہے، حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ اس وقت تک نہیں رکے گا کہ جب تک یہ سلیکٹڈ حکومت گھر نہ چلی جائے، عوام اور کارکنان کو جلد پاکستان پیپلزپارٹی اپنے نئے احتجاجی پروگرام سے آگاہ کرے گی، آج والدین مہنگائی کی وجہ سے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے قاصر ہیں، نوجوان اپنے بزرگوں کیلئے مہنگی دوا نہیں خرید پارہے، مہنگائی کی وجہ سے آج ملک مشکل میں ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی ہی ملک کو اس مشکل سے نکال سکتی ہے، اس موقع پر بلاول بھٹو کے ہمراہ نثار کھوڑو  سابق صوبائی وزیر سہیل انور سیال ، صوبائی وزراء سید سردار شاہ، ضیاء عباس شاہ، مکیش چاولا، ایم این اے خورشید جونیجو، خیر محمد شیخ و دیگر بھی موجود تھے