400 میگا واٹ ہائبرڈ انرجی کا منصوبہ، قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں سندھ حکومت کی تاریخی پیش رفت ہے ۔ امتیاز احمد شیخ۔

محکمۂ اطلاعات
حکومت سندھ
کراچی۔
فون: 99204401

400 میگا واٹ ہائبرڈ انرجی کا منصوبہ، قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں سندھ حکومت کی تاریخی پیش رفت ہے ۔
امتیاز احمد شیخ۔

یہ پاکستان کا پہلا بزنس ٹو بزنس 400 میگا واٹ ہائبرڈ پاور پراجیکٹ ہے۔
امتیاز احمد شیخ

اینگرو انرجی، محکمۂ توانائی سندھ کے ڈائریکٹوریٹ آف الٹرنیٹ انرجی اور سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مابین 400 میگاواٹ ہائبرڈ انرجی پراجیکٹ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط۔

کراچی 27 اکتوبر 2021ء
وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، متبادل اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی ہر کوشش کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں تاکہ ملک میں توانائی کا مسئلہ حل ہو اور پاکستان بھی گرین انرجی کے حوالے سے اقوام عالم میں نمایاں کارکردگی کا ملک قرار پائے۔
انہوں نے کہا کہ اینگرو انرجی کے ساتھ 400 میگا واٹ ہائبرڈ انرجی کے منصوبے پر معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت توانائی کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات عمل میں لارہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کراچی کے مقامی ہوٹل میں اینگرو انرجی، سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی اور محکمۂ توانائی کے آلٹرنیٹ انرجی کے شعبے کے مابین 400 میگاواٹ ہائبرڈ انرجی پراجیکٹ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
معاہدے کے تحت اینگرو انرجی لمیٹڈ، جھمپیر میں 400 میگا واٹ کا ہائبرڈ انرجی کا پراجیکٹ لگائے گی۔
اس منصوبے میں ہوا اور سورج کی توانائی سے بجلی بنائی جائے گی اور یہ بجلی مقامی صنعتوں کو فراہم کی جائے گی۔ معاہدے کے تحت محکمۂ توانائی سندھ کی گرڈ کمپنی سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی 400 میگا واٹ بجلی کو مقامی صنعتوں تک پہچانے کے لئے ٹرانسمیشن لائن بچھائے گی۔
سہ فریقی (Tripartite) مفاہمت کی یادداشت پر اینگرو انرجی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہاب قادر، محکمۂ توانائی سندھ کے ڈائریکٹر آلٹرنیٹ انرجی امتیاز شاہ اور سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلیم شیخ نے دستخط کئے اس موقع پر سیکریٹری توانائی سندھ ابوبکر احمد ، اینگرو کے سربراہ احسن ظفر سید اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ اس منصوبے سے بننے والی 400 میگاواٹ بجلی سستی ترین بجلی ہوگی اور اس کی فی یونٹ قیمت 8 روپے تک ہوسکتی ہے ۔
بتایا گیا کہ ہائبرڈ انرجی کا یہ منصوبہ نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کا اپنی نوعیت کا پہلا تاریخی منصوبہ ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجی شعبے کے تحت چلنے والا 400 میگا واٹ ہائبرڈ انرجی کا یہ منصوبہ مقامی صنعتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکے گا کیونکہ اس سے ملنے والی سستی ترین بجلی کے استعمال سے مقامی صنعتیں فروغ پائی گی اور اپنی مصنوعات کو عالمی مسابقتی مارکیٹ میں باآسانی فروخت کرسکیں گی۔

ہینڈ آؤٹ نمبر (ایس اے۔این)