جائیداد اور پروفیشنل ٹیکس نادہندگان اپنے ٹیکس جمع کروائیں۔ مکیش کمار چاؤلہ

کراچی۔ 27 اکتوبر۔ سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات و پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاؤلہ نے جائیداد اور پروفیشنل ٹیکس نادہندگان سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے اپنے واجب الادا ٹیکس فوری طور پر جمع کرائیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ راجہ خرم شہزاد عمر، ڈائریکٹر ٹیکسز ون ثمینہ بھٹو اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں جائیداد اور پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مکیش کمار چاؤلہ نے پروفیشنل ٹیکس ادا کرنے والے تاجر برادری سے بھی کہا کہ وہ اپنے کاروبار کو www.excise.gos.pk پر ایک آسان طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے رجسٹر کریں۔ انہوں نے ٹیکس نادہندگان کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے واجب الادا ٹیکس وقت پر ادا کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات محکمہ اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف اپنے ایکشن پلان کو تیز کریں اور ٹیکسز کی وصولی کو یقینی بنائیں لیکن کسی کو ہراساں نہ کیا جائے۔