قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے بروز پیر، 25اکتوبر 2021 کو این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں بالکل مفت اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کر کے ایک او ر سنگِ میل عبور

لاڑکانہ – محمد عاشق پٹھان
————–

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے بروز پیر، 25اکتوبر 2021 کو این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں بالکل مفت اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کر کے ایک او ر سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔این آئی سی وی ڈی کے کارڈیک سرجن ڈاکٹرعلی رضا منگی نے اینستھیزیالوجسٹ اسسٹنٹ پروفیسر کمل کمار کے ساتھ اوپن ہارٹ سرجری سرانجام دی۔

لاڑکانہ، این آئی سی وی ڈی کا پہلا سیٹ لائٹ سینٹر ہے، جہاں پر انجیوپلاسٹی، انجیوگرافی، کارڈیک اوپی ڈی، ایمرجنسی اور دیگر سہولیات پہلے سے ہی فراہم کی جاتی ہیں، اور اب لاڑکانہ، این آئی سی وی ڈی کراچی، سکھراور ٹنڈومحمد خان کے بعد چوتھا شہر بن چکا ہے، جہاں پراوپن ہارٹ سرجریز کا باقاعدہ آغاز کردیاگیا ہے۔

این آئی سی وی ڈی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں اوپن ہارٹ سرجری کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جو لاڑکانہ اور اس کے قریب کے شہروں کے لئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ پہلے لوگوں کو کارڈیک اوپی ڈی اور دل سے متعلق دیگر چھوٹے بڑے مسائل کے لئے کراچی جانا پڑتا تھالیکن اب ہم نے سندھ کے9شہروں میں سیٹ لائٹ سینٹرز کا آغاز کردیا ہے،جو مریضوں کو امراضِ قلب کا مہنگا و جدید علاج انہی کی دہلیز پر بالکل مفت فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔

کارڈیک سرجن ڈاکٹر علی رضا منگی کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں دل کا بائی پاس کیا گیا ہے، اور مریض صحت یاب ہو رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جب مریض کو بتایا گیا کہ ان کا بائی پاس آپریشن یہی لاڑکانہ میں ہوگا تو وہ بے حد خوش ہوئے، اور اس کامیاب ہارٹ بائی پاس سرجری سے لاڑکانہ اور اس قریب کے شہروں میں ایک خوشی کی لہر پہلی ہوئی ہے۔