پاراچنار میں جنگل سے لکڑی کاٹنے کے تنازعے پر دو قبائل کے درمیان فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 16ہو گئی۔

پشاور(جہانزیب راشد)

پاراچنار میں جنگل سے لکڑی کاٹنے کے تنازعے پر دو قبائل کے درمیان فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 16ہو گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز سے قبائل کے درمیان جاری لڑائی میں فائر بندی کرادی گئی ہے اور دونوں فریقین سے مورچے خالی کرا کے پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ فائربندی کی کوششوں میں ضلع بھر کے ایک سو سے زائد عمائدین نے حصہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پیواڑ اور گیدو قبائل کے درمیان جنگل سے دو روز قبل لکڑیاں کاٹنے کے تنازعے پر جھگڑا شروع ہو ا جس نے خونریز تصادم کی شکل اختیار کرلی ۔لکڑیاں کاٹنے کے تنازعے پر جاں بحق افراد میں سید علی طوری ، جواد علی ، رشید علی ، محمد حسن طوری ، سید نظیر منگل اور سخی منگل و دیگر شامل ہیں۔ مسلح تصادم پاراچنار میں پاک افغان سرحد کے قریب ہوا۔ اطلاعات کے مطابق جرگہ ممبران بھی فائرنگ کی زد میں آئے اور ان میں سے ایک رکن زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی پی او کرم طاہر اقبال کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائر بندی اور مورچے خالی کرانے کی کوشش کامیاب ہو گئی ہے۔ ضلع بھر میں موبائل سروس بھی بند کی گئی ہے