خطہ کشمیر خاص طور پر راولاکوٹ اور پونچھ کی دھرتی دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں سے ایک ہے، سردار مسعود خان

رپورٹ… خورشید رحمانی
صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے آزادکشمیر میں نجی شعبے میں قائم ہونے والے جدیدطبی سہولتوں سے اراستہ پہلے کینسر ہسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے پونچھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بیماریوں اور سماجی برائیوں کے خلاف اسی جذبے سے جہاد شروع کریں جس جذبے سے ان کے آباوٗ  اجداد نے 1947میں یہ خطہ اغیار کی غلامی سے آزاد کرا یا تھا۔ راولاکوٹ کے نواحی گاؤں بھیک میں سردار لطیف میموریل ٹیلی میڈیسن کینسر انسٹیٹیوٹ کا باقاعدہ افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد آزادکشمیر کے عوام نے بہت ترقی کی ہے اور آج یہاں گاؤں گاؤں میں سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے، بے شمار تعلیمی ادارے قائم ہیں اور لوگوں کا مجموعی طور پر معیار زندگی بلند ہے لیکن خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ تن آسانی کے کلچر نے ہمیں نئی نئی بیماریاں بھی دی ہیں۔ جن میں سرطان، دل کی بیماریاں، ذیا بیطس، معدے اور جگر کی بیماریاں شامل ہیں۔



جو ہمارے طرز زندگی اور بگڑتی ہوئی ماحولیاتی صورتحال کا برائے راست نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے ہسپتال قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ہم اپنی روز مرہ کی زندگی اور خوراک پر توجہ دیں جس کی وجہ سے مہلک بیماریاں ہمارے معاشرے میں وبا کی طرح پھیل رہی ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے خطہ کشمیر خاص طور پر راولاکوٹ اور پونچھ کی دھرتی کو دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے عوام علاقہ سے کہا کہ وہ مسائل کا شکوہ کرنے سے پہلے اللہ کا شکر ادا کریں جس نے انہیں ایسے خوبصورت خطہ زمین سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کی خوبصورتی اور اس کے ماحوالیاتی توازن کو برقرار رکھ کرہم کئی طرح کی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر ڈاکٹر نعیم لطیف کی طرف سے کینسر ہسپتال کے قیام کو تاریخ کشمیر کا اہم باب قرار دیتے ہوئے ان کی کوششوں اور انسانیت کے خدمت کے جذبے کی شاندار الفاظ میں تعریف کی۔



انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تین ڈویژن پونچھ، مظفرآباد اور میرپور میں تین بڑے ہسپتال بنانے کا منصوبہ اب بھی حکومت کے پیش نظر ہے اور انشاء اللہ وہ وقت جلد آئے گا جب یہ ہسپتال قائم ہونگے اور عوام کو علاج و معالجہ کی سہولتیں میسر ہونگی۔انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ حکومت اس ہسپتال کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو راولاکوٹ شہر سے ملانے والی روڈ کی مرمتی و کشادگی، ہسپتال میں پانی کی فراہمی اور اسے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ تقریب سے کرنل ریٹائرڈ مصطفیٰ کمال، سردار فاروق خان، سردار عبدالخالق ایڈووکیٹ، سردار شمشاد خان ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر شبیر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ مشیر صدارتی امور سردار اعجاز یوسف اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ راولاکوٹ سردار ذاکر شیر افضل خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبل ازیں صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے راولاکوٹ شہر میں مکہ بزنس سنٹر کا افتتاح کیا جہاں ایک جدید ترین کاروباری مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مکہ بزنس سنٹر کے مالک خواجہ عمران اشرف، سابق سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار سیاب خالد، سابق وزیر حکومت عابد حسین عابد، صدارتی مشیر سردار اعجاز یوسف، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ راولاکوٹ سردار ذاکر شیر افضل اور دیگر معززین، تاجر نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔