گورنر سندھ سے یو این ایڈز کے ڈائریکٹر کی تین رکنی وفد کے ہمراہ گورنر ہاﺅس میں ملاقات

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے یو این ایڈز کے ڈائریکٹر ریجنل سپورٹ ٹیم فار ایشاءاینڈ پیسیفک Eamonn Francis Murphy نے تین رکنی وفد کے ہمراہ گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے۔ یو این ایڈز کے ڈائریکٹر نے گورنر سندھ کو ایڈز کے مریضوں کے علاج معالجہ اور اس کے روک تھام کے لئے کئے جائے والے اقدامات اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ یو این ایڈز کی ایچ آئی وی ایڈز کی تشخیص اور مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کی جانے والی کاوشیں اور خدمات قابل ستائش ہیں۔



گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ میں ایچ آئی وی کیسز میں اضافہ نہایت تشویشناک ہے اس ضمن میں بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ اس مرض میں مبتلا افراد علاج کروا کربہتر انداز سے زندگی گزار سکیں، ابتدائی طور پر بھرپور علاج کے ذریعے اس مرض میں مبتلا افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہے۔ گورنر سندھ نے ڈائریکٹر یو این ایڈز کو وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہمیں مل کر اس مرض میں مبتلا افراد کی بحالی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت ہے کہ اس موذی مرض میں مبتلا بچوں اور دیگر افراد کے علاج معالجہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔



اس موقع پر ڈائریکٹر یو این ایڈز نے وفاقی و صوبائی حکومت کی اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ایک اور ٹیم سندھ کا دورہ کرے گی تاکہ اس مرض میں مبتلا ہونے والے افراد کے لیے بہتر علاج اور ادویات تجویز کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زیادہ تر افراد انفیکٹڈ سرنج اور آلات کے استعمال سے ایچ آئی وی میں مبتلا ہوئے۔