نیب چیئرمین کا وہ بیان کہاں گیا جس میں خواتین کو گرفتار نہ کرنے کا کہا گیا تھا، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پی پی رہنما فریال تالپور کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ  فریال تالپور کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ فریال تالپور ہر پیشی پر نیب عدالت گئیں انہوں نے تمام قانونی تقاضے پورے کئے لیکن اسکے باوجود قانونی تقاضے پورے کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے نیب چیئرمین کا وہ بیان کہاں گیا جس میں خواتین کو گرفتار نہ کرنے کا کہا گیا تھا گرفتاریوں کے پیچھے چھپے لوگ جان لیں پھانسی کے پھندے پر جھولنے والے کبھی گرفتاریوں سے نہیں گھبراتے۔



ہماری قیادت سے لیکر عام کارکن تک جیل گئے لاٹھیاں کھائیں اور کوڑے بھی کھائے مگر گنجی گھبرائے نہیں انہوں نے کہا کہ فریال تالپور بہادر بھائی آصف زرداری کی بہادر اور دلیر بہن ہیں وہ گھبرانے والی نہیں ہیں بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ظلم کی یہ سیاہ رات جلد ختم ہوگی ہماری قیادت کی گرفتاریاں عوام دشمن بجٹ سے راہ فرار حاصل کرنے کے لئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں آزاد عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے اور توقع ہے کہ ہمیں انصاف ضرور ملے گا۔