محکمہ صحت نے ڈی جی صحت آفس حیدرآباد میں 20 گریڈ کےکئی سینئر افسران کو خود سے 500 درجہ جونیئر ڈاکٹر ارشاد میمن کی نگرانی میں کام کرنے پر مجبور کیا

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سندھ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹرکے اختیارات استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔ حکومت سندھ نے سیاسی اثر رسوخ کے حامل گریڈ 19کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد میمن کو 5اکتوبر کو ای پی آئی سندھ کا ایڈیشنل ڈائریکٹر تعینات کیا جس کے فوراً بعد سے ہی انہوں نے ڈائریکٹر کے اختیارات استعمال کیے۔ ان کے دفتر سے جاری تمام احکامات و اعلامیوں میں ان کا عہدہ پراجیکٹ ڈائریکٹر درج کیا جارہا ہے جس پر وہ دستخط بھی کر رہے ہیں ۔ یاد رہے کہ حکومت سندھ نے گزشتہ سال سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف 25 مارچ کوعین کورونا وباء کی انتہا کے دوران 20 گریڈ کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مبین احمد میمن کو ہٹا کران کی جگہ ڈاکٹر ارشاد احمد میمن کو ڈی جی صحت سندھ تعینات کیا تھا۔ اس وقت ڈاکٹر ارشار احمد میمن 19 گریڈ کی سنیارٹی میں 459 نمبر پر آنے والے جونیئر ترین افسر تھے ۔ محکمہ صحت نے ڈی جی صحت آفس حیدرآباد میں 20 گریڈ کےکئی سینئر افسران کو خود سے 500 درجہ جونیئر ڈاکٹر ارشاد میمن کی نگرانی میں کام کرنے پر مجبور کیا جس سے ان ڈاکٹروں کی نہ صرف حوصلہ شکنی ہوئی بلکہ ان کا انصاف اور میرٹ سے بھی یقین اٹھ گیا۔
https://jang.com.pk/news/997366?_ga=2.195874154.714181748.1634087863-2144946866.1634087858