اخبارات کے بقایاجات کی تین ماہ کے اندر ادائیگی کا نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات سندھ

اخبارات کے بقایاجات کی تین ماہ کے اندر ادائیگی کا نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات سندھ نئی ایڈورٹائزنگ پالیسی میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سی پی این ای کے 5 رکنی وفد سے ملاقات کراچی (11 اکتوبر ) سیکرٹری اطلاعات حکومت سندھ عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ اخبارات کے بقایاجات کی جلد سے جلد ادائیگی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس ضمن میں وزیر اطلاعات سعید غنی نے خصوصی ہدایات دی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے 5 رکنی وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں اعجاز الحق، ڈاکٹر جبار خٹک غلام نبی چانڈیو، عامر محمود اور عبدالرحمن منگریو شامل تھے۔ سیکریٹری اطلاعات عبدالرشید سولنگی نے مزید کہا کہ میڈیا سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ وہ حکومت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں مزید احسن طریقے سے ادا کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ اخبارات کے نان بجٹڈ اور بجٹڈ بقایاجات کی ادائیگی کا ایک جامع اور شفاف طریقہ کار بنایا جا رہا ہے جس کے بعد اخبارات کے بقایا جات کی مکمل طور پر ادائیگی کی جاسکے گی، انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کی جانب سے نئی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی تکمیل کے مراحل میں ہے اور اس کے ذریعے بھی اس بات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے میڈیا سے وابستہ افراد اور اداروں کے لئے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں اور وہ بذات خود میڈیا دفاتر کے دورے کرکے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کو اخبارات کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے یہی وجہ ہے کہ بقایا جات کی بروقت ادائیگی کیلئے نظام بنایا جارہا ہے۔ سی پی این ای کے وفد نے سیکریٹری اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے بقایا جات کی جلد از جلد ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پریس انفارمیشن محمد سلیم خان، ڈائریکٹر لیگل عزیز احمد ہکڑو اور ڈائریکٹر اشتہارات سید عظیم شاہ بھی موجود تھے۔ ہینڈ آ وٹ نمبر1193۔۔۔