کیا اس ملک میں کے الیکٹرک کی الگ حکومت ہے؟ پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی

شہر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے والا کوئی ادارہ ہے یا نہیں؟ عبدالحاکم قائد
کراچی میں شدید گرمی ،ہیٹ اسٹروک اورہیٹ ویومیںبجلی کئی کئی گھنٹوں سے بند ہے
پی ٹی آئی بجٹ نے عوام کا خون نچوڑا ،کے الیکٹرک جسم کا پانی نچوڑ رہی ہے ، صارفین کے حقوق کا تحفظ کوئی نہیں کررہا
بجلی کی لوڈشیڈنگ پر مکمل پابندی عائد کی جائے،عوام کو کے الیکٹرک مالکان کے مظالم اور لوٹ مار سے بچایا جائے
کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دیا جائے،ہر ضلع میں بجلی گھر قائم کئے جائیں اورکے الیکٹرک کو سٹی حکومت کی تحویل میں دیا جائے
کراچی-  پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے بجٹ نے عوام کا خون نچوڑاہے جبکہ کے الیکٹرک جسموں کا پانی نچوڑ رہی ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس ملک میں کے الیکٹرک کی الگ حکومت ہے؟ کراچی میں شدید گرمی ہے،ہیٹ اسٹروک اورہیٹ ویو جاری ہے۔عوام بے حال ہیںاور کے الیکٹرک کی جانب سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے بجائے کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو بدترین اذیت پہنچا ئی جارہی ہے۔



صارفین کے حقوق کی مسلسل پامالی کی جارہی ہے اورکوئی پوچھنے والا نہیں۔ پاسبان وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ کے الیکٹرک کی ظلم و ذیادتیوں کا فوری نوٹس لیں۔صارفین کو کے الیکٹرک مالکان کی ظلم اورلوٹ مار سے بچائیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر مکمل پابندی عائد کریں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں عبدالحاکم قائد نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں بھی کے الیکٹرک سے ذاتی مفادات سمیٹ کر عوام کے سامنے بے بسی ظاہر کرتی رہیں جس کی وجہ سے کے الیکٹرک بدمست ہاتھی بن چکا ہے۔ کے الیکٹرک سے کئے گئے معاہدے کس طرح کے ہیں اور کون لوگ کے الیکٹرک کے شیئر ہولڈر ز ہیں یہ بات نہ صارفین اور نہ شہریوں کو معلوم ہے ۔وزیر اعظم نیب کو کے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات کا حکم جاری کریں۔عبدالحاکم قائدنے کہا کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے لاہور اور کراچی کو میگا سٹی کا آئی درجہ دینے کے لئے مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔



پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کا یہ مطالبہ فوری تسلیم کیاجائے تاکہ کراچی کو حقیقی معنوں میں روشنیوں کا شہر بنایا جاسکے اور دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کے میگا سٹی کے برابر حقوق کراچی کے شہریوں کو بھی مل سکیں ۔میگا سٹی قیام کے نتیجے میں کے الیکٹرک صارفین کے حقوق کا تحفظ بھی ممکن ہو سکے گا، بلاتعطل بجلی کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی اور عوام کے دیگر بنیادی مسائل بھی حل ہوسکیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی وفاقی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی کو میگا سٹی کا آئینی درجہ دیکر ہر ضلع میں بجلی گھر قائم کئے جائیں اور فوری طور پر کے الیکٹرک کوسٹی حکومت کے ماتحت کیا جائے تاکہ کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کی اذیتوں سے نجات مل سکے۔