سٹیڈیم میں غنڈہ عناصر کی کھلاڑیوں کے ساتھ بدمعاشی۔ گزشتہ تین سال سے ڈپٹی کمشنر قصور سے اجازت لیکر پریکٹس اور ٹریننگ کرنے والی فٹ بال ٹیموں کو پریکٹس اور ٹریننگ نہیں کرنے دی جارہی

قصور (میاں خلیل صدیق آرائیں سے)شہباز شریف سٹیڈیم میں غنڈہ عناصر کی کھلاڑیوں کے ساتھ بدمعاشی۔ گزشتہ تین سال سے ڈپٹی کمشنر قصور سے اجازت لیکر پریکٹس اور ٹریننگ کرنے والی فٹ بال ٹیموں کو پریکٹس اور ٹریننگ نہیں کرنے دی جارہی۔ ڈیفنس فٹ بال کلب اور قصور یونائیٹیڈ U-13 فٹ بال کلب کے کھلاڑیو ں کی ڈپٹی کمشنر قصور سے فوری نوٹس لے کرغنڈہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیل کے مطابق صدر ڈیفنس فٹ بال کلب اور صدر قصور یونائیٹیڈ U-13 فٹ بال کلب نے ڈپٹی کمشنر قصور کودی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں شہباز شریف سٹیڈیم میں غنڈہ عناصر پریکٹس اور ٹریننگ نہیں کر نے دے رہے حالانکہ ہم نے اس بابت سابقہ ڈپٹی کمشنر وسیمہ عمر سے اجازت بھی لے رکھی ہے اور اس گراؤنڈ میں ہم گزشتہ تین سال سے آدھی آدھی گراؤنڈ میں پریکٹس اور ٹریننگ کر رہے ہیں۔ گراؤنڈ میں تقریباً پچاس سے زیادہ کھلاڑی اور بچے ٹریننگ کیلئے آتے ہیں۔ گزشتہ تین روز سے اتفاق فٹ بال کلب جو کہ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن قصور اور PFA سے رجسٹرڈ بھی نہیں ہے۔اتفاق فٹ بال کلب کے چند کھلاڑی باہر سے دوسری ٹیموں کے کھلاڑی اکٹھے کرکے زور زبردستی اور طاقت کے زور پر گراؤنڈ میں داخل ہوتے ہیں اور وہاں موجود کھلاڑیوں کو زدو کوب کرتے ہیں اور ان کے درمیان کھیلنا شروع کر دیتے ہیں جس سے کئی کھلاڑی اور بچے زخمی بھی ہوئے ہیں اور جس سے لڑائی جھگڑے کا بھی خدشہ ہے۔اتفاق فٹ بال کلب کے پاس ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کی طرف سے جاری کردہ کوئی اجازت نامہ بھی نہیں ہے۔اتفاق فٹ بال کلب کے پاس اپنا صدرتھانہ کچہری کے ساتھ واقع گراؤنڈ موجود ہے۔جہاں یہ پہلے پریکٹس کرتے تھے۔ڈپٹی کمشنر قصور سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ غنڈہ عناصر سے ہمارے بچوں اور کھلاڑیوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ان کو یہاں بدمعاشی کرنے سے روکا جائے تاکہ رجسٹرڈ کلبوں کے کھلاڑی آزادانہ طور پر پریکٹس اور ٹریننگ کر سکیں۔