41

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت

کراچی – وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زرداری صاحب ایک محب وطن ، منجھے ہوئے سیاستدان اور بہادر رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاریاں اُن کے حوصلے ، جمہوریت کی مضبوطی کے لیے جدوجہد کو نہیں روک سکتیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ زرداری صاحب کی گرفتاری پر کارکن صبر اور حوصلے سے کام لیں۔



انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں ڈرانا دھمکانا، سرکاری یا غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ہرگز یہ برداشت نہیں کروں گا کہ کوئی زبردستی دکانیں یا کاروبار بند کرائے اور اسلحے کی نمائش یا ڈنڈا برداری کر کے ہراساں کرنا بھی کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر اس قسم کی کوئی بھی حرکت کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ پُرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور کبھی بھی خوف کا ماحول پیدا نہیں کرتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں