ہم نیب کے ہاتھوں زرداری کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، نواب یوسف تالپور

یہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے،کیس سندھ سے اسلام آباد منتقلی بددیانتی کی مثال ہے
کراچی – پاکستان کے سینئر ترین پارلیمنٹرین اور رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپورنے آصف زرداری کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عوامی مینڈیٹ کی توہین ہوئی ہے کیونکہ وہ قومی اسمبلی کے بھاری اکثریت رکن منتخب ہوئے تھے۔انھوں نے کہا کہ پہلے زردادی صاحب کے کیس کو سندھ سے اسلام آباد منتقل کیا گیاجس سے بددیانتی واضح نظر آرہی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ دراصل صوبائی خودمختاری پر حملہ ہے دوسرے اس عمل سے 18ویں آئینی ترمیم پر بھی حملہ ہے۔انھوں نے کہا کہ نیب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اوراس طرح کے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جس سے پارلیمنٹ کی توہین ہواور عوامی نمائندے کا استحقاق مجروع ہو۔



انہوں نے کہا کہ ہم عوامی نمائندے ہیں،عوام کے حقوق کے لئے کام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ نیب اور ان جیسے ادارے ہمیں گرفتاری سے ڈراکرعوام کی خدمت سے نہیں روک سکتے۔ہم عوامی نمائندے ہیں اور مرتے دم تک عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔