شوکت ترین کی کے سی سی آئی کے وفد سے ملاقات، انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں 15 یوم کی توسیع کا اعلان

وزیرخزانہ و محصولات شوکت ترین نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے وفد کے ساتھ جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں درپیش مسائل سننے کے بعد انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر 2021 تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
کے سی سی آئی کے وفد کی قیادت چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا نے کی جبکہ وفد میں وائس چیئرمین بی ایم جی ہارون فاروقی اور جاوید بلوانی، جنرل سیکرٹری اے کیو خلیل اور کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس بھی شامل تھے جنہوں نے ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے میں درپیش مشکلات کو سمجھنے اور اس کے مطابق ریلیف کا اعلان کرنے پر وزیر خزانہ کی تعریف کی۔
کے سی سی آئی کے وفد نے ٹیکس سے متعلق غیر مؤثر پالیسیوں میں ترمیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ٹیکس قوانین (تیسری ترمیم) آرڈیننس 2021 کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس کے بارے میں خدشہ ہے کہ سب سے پہلے کراچی سے اس کا نفاذ شروع کیا جائے گا۔ جیسا کہ وقتاًفوقتاً یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ایسے تمام قوانین جن پر جرمانہ ہوتا ہے ہمیشہ کراچی سے شروع کیا جاتا ہے جو زیادہ تر اس شہر تک ہی محدود رہتے ہے۔اگر کراچی کو ہی تمام ٹیکس ادا کرنے ہیں اور جرمانے بھی بھگتنا ہیں تو پھر کراچی کو اس کی شراکت کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز کیوں نہیں مل رہے۔ وفد نے کے سی سی آئی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہاکہ متنازع آرڈیننس میں ٹرم انڈر فائلرز کو نان فائلرز کے ساتھ تبدیل کیا جائے۔

عامر حسن
ڈائریکٹر پریس،پبلک ریلیشنز