پاک بحریہ میں میری ٹائم کے عالمی دن کا انعقاد

اسلام آباد، 30ستمبر 21: پاک بحریہ میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے تحت میری ٹائم کا عالمی دن منایا گیا۔ اس سال کا موضوع ”جہازراں، جہازرانی کے مستقبل کی بنیاد ہیں“ کا مقصد جہازرانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور حوصلے کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور مشکل وقتوں میں بھی دنیا کی اہم سپلائی چین کو جاری رکھنے کے لیے اُن کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس دن کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا کی معیشت کو کووڈ وبا کے باعث درپیش بڑے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ خصوصاََ اس نے جہازرانوں پر بہت زیادہ ذمہ داریاں ڈال دی ہیں کیونکہ مختلف سفری پابندیوں کے باعث ہزاروں جہازران اپنے کنٹریکٹ سے زیادہ عرصہ سمندروں میں رہ رہے ہیں۔ حکومتِ پاکستان کے بحری امور کے چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر کے طور پر نیول چیف نے مشورہ دیا کہ جہازرانوں کو بنیادی ورکرز قرار دیا جائے تاکہ اُن کی جہازوں تک رسائی اور انخلاء بغیر کسی تاخیر کے سر انجام پاسکے۔ انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ اپنی بنیادی ذمہ داریوں کے علاوہ عالمی بحری راستوں پر چلنے والے مرچنٹ فلیٹ کو چلانے والے قومی جہازرانوں کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔ اس سلسلے میں، جہازرانوں کی بہتری، اُن کی بہتر تربیت و تعلیم پاکستان میرین اکیڈمی میں ممکن بنائی جا رہی ہے۔

میری ٹائم کے عالمی دن کے موقع پر کئے جانے والی تقریبات عوام میں بحری آگہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس موقع پر، پاک بحریہ نے مختلف النوع سرگرمیاں سرانجام دیں جن میں اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے مقاصد سے ہم آہنگ رہتے ہوئے میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت خصوصاً جہازرانوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس سلسلے کی اہم سرگرمی پاکستان نیوی وار کالج لاھور میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلنس کے زیرِ انتظام سیمینار کا انعقاد تھا۔ اس سیمینار میں مختلف جامعات اور تھنک ٹینکس کے طلباء وطالبات اور فیکلٹی نے شرکت کی۔ سیمینار کے دوران ’پاکستان کے بحری مفادات‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والے دوسرے بین الجامعاتی مضمون نگاری مقابلے کی تقریبِ تقسیم انعامات بھی منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے یونٹس میں ہونے والی دیگر سرگرمیوں میں کراچی ہاربر کی صفائی، بحریہ کا لجز / جامعات میں بحری آگہی کے لیکچرز اور فیلڈ کمانڈز کی سطح پر مضمون نگاری کے مقابلے شامل تھے۔ میری ٹائم کے عالمی دن کے موقع پر ایک جامع میڈیا آگہی مہم بھی شروع کی گئی ہے جس میں ٹاک شوز کا انعقاد اور ڈاکومنڑی ریلیز کی گئی جس میں پاکستان کے بحری سیکٹر کی تفصیلات اور صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)