جاری منصوبوں میں بزرگوں اور خصوصی افراد کے لیے تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سید ضیاء عباس شاہ

محکمہ سوشل ویلفیئر کی 24 نئی اسکیموں پر بھی جلد کام کا آغاز کیا جائے۔ چیف انجینئر کو صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز کی ہدایت

کراچی29 ستمبر ۔ صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ضیاءعباس شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے جاری تمام منصوبوں میں بزرگوں اور خصوصی افراد کے لیے تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے کراچی میں جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے نئے اور جاری منصوبوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے بلائے گئے اجلاس میں کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ساجد جوکھیو، سیکرٹری سوشل ویلفیئر عبدالواحید شیخ، چیف انجینئر اور متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئرز و دیگر افسران موجود تھے۔ شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے چیف انجینئر نے بتایا کہ کراچی میں جاری دو منصوبوں کو رواں مالی سال میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ بقیہ دو منصوبے ریویژن کے لیے متعلقہ فورم پر جمع کروا ئے جا چکے ہیں اور منظوری کے بعد ان کو بھی مکمل کرلیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ کورنگی نمبر 5 میں زیر تعمیر دارالا اطفا ل اور اسٹریٹ چلڈرن کے ریہیبلیٹیشن سینٹر کی تعمیر و توسیع اور کراچی میں نشے کے عادی افراد کی ریہیبلیٹیشن کے لیے تعمیر ہونے والے سینٹر رواں مالی سال میں مکمل کرلیے جائیںگے۔ اس کے علاوہ رواں مالی سال کے بجٹ میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے 24 نئے منصوبوں رکھے گئے ہیں جن میں صوبہ کے ہر ضلع میں سینئر شہریوں کے لیے ریہیبلیٹیشن سینٹر کا قیا م عمل میں لایا جائے گا۔ سیکریٹری سوشل ویلفیئر نے شرکاءکو بتایا کہ پہلے مرحلے میں 12 اضلاع میں سینٹرز کی تعمیر کے لیے کام کیا جائے گا کیونکہ ان اضلاع میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے پاس سینٹرز کی تعمیر کے لیے زمین موجود ہے جن میں شکارپور، سانگھڑ، بدین، تھرپارکر، عمر کوٹ، نوشہروفروز، حیدرآباد، ٹھٹھہ ، ملیر کراچی، میرپورخاص، دادو اورٹنڈوالہیار جبکہ دیگر اضلاع میں یہ سینٹرز قائم کرنے کے لیے درکار زمین کے لیے ضلعی انتظامیہ کو خطوط ارسال کردئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ضیاءعباس شاہ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سینئر شہریوں کے لیے قائم کئے جانے والے مراکز میں بزرگوں کے لئے تمام سہولیات کی فراہم یقینی بنانے کے لیے نجی سطح پر قائم سینٹرز سے بھی رہنمائی لی جائے تاکہ عالمی معیار اور تقاضوں کے مطابق تعمیر کی جاسکے۔
ہینڈ آﺅ ٹ نمبر 1084۔۔۔ایف زیڈ ایف