ماڈل نیہا راجپوت اور شہباز تاثیر کی شادی کی تقریبات کا آغاز

ماڈل نیہا راجپوت نے سابق گورنر پنجاب مقتول سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر سے شادی کیے جانے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے مایوں کی تقریبات کی ویڈیوز شیئر کردیں۔

نیہا راجپوت اور سلمان تاثیر کی شادی کے حوالے سے گزشتہ ایک ہفتے سے چہ مگوئیاں تھیں لیکن اب ماڈل نے اپنی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرکے ان کی تصدیق کردی۔

نیہا راجپوت کے علاوہ ان کی شادی کی تقریبات میں شامل ہونے والی اداکاراؤں و ماڈلز نے بھی ان کی مایوں اور مہندی کی تقریبات کی ویڈیو شیئر کیں، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ مایوں کی تقریبات 23 اور 24 ستمبر کی درمیانی شب کو ہوئیں۔

نیہا راجپوت نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں—اسکرین شاٹ
ماڈل کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں ان کے ہمراہ ماڈل و اداکارہ ابیر رضوی سمیت دیگر ماڈلز کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں شہباز تاثیر کو بھی خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ تقریبات میں دونوں کے اہل خانہ کے افراد کو بھی رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

نیہا راجپوت اور شہباز تاثیر کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے تعلقات تھے اور رواں برس مئی میں دونوں کو میڈیا کے سامنے بھی سرعام ملتے دیکھا گیا اور اسی وقت سے ہی ان کی شادی کی چہ مگوئیاں شروع ہوئی تھیں۔

نیہا راجپوت نے 2016 میں اداکاری کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ ماڈلنگ کرتی تھیں، ان کی پرورش یورپی ملک یوکرین میں ہوئی ہے، کیوں کہ ان کی والدہ کا تعلق وہیں سے ہے۔

نیہا راجپوت کے والد کا تعلق لاہور سے ہے اور انہوں نے پاکستان منتقل ہونے کے بعد وہیں سے ماڈلنگ و اداکاری کا آغاز کیا۔

شہباز تاثیر کی یہ دوسری شادی ہے، اس سے قبل انہوں نے فیشن ڈیزائنر ماہین غنی سے 2010 میں شادی کی تھی اور انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔

شہباز تاثیر کی سابق اہلیہ ماہین غنی نے دسمبر 2019 کے آخر میں ایک ٹوئٹ کے ذریعے طلاق کی تصدیق کی تھی اور اپنی متعدد ٹوئٹس میں انہوں نے گھریلو ناچاقی پر بھی کھل کر بات کی تھی۔

انہوں نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں تشدد، ناروا سلوک اور شادی کے آخری سالوں کو بدترین بھی قرار دیا تھا لیکن انہوں نے شوہر کا نام لکھ کر ان پر براہ راست تشدد اور استحصال کا الزام نہیں لگایا تھا۔

شہباز تاثیر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے ہیں، جنہیں جنوری 2011 میں قتل کیا گیا تھا، والد کے قتل کے 7 ماہ بعد انہیں اگست 2011 میں لاہور کے علاقے گلبرگ سے اغوا کیا گیا تھا۔

شہباز تاثیر تقریبا 5 سال تک مغویوں پاس افغانستان میں رہے تھے، جس کے بعد مارچ 2016 میں انہیں بازیاب کروایا گیا تھا۔

شہباز تاثیر نے اپنی دوسری شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کی

https://www.dawnnews.tv/news/1169173/