صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے شہریوں کی سہولت کے لئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی دو نئی موبائل ایپ کا آغاز کردیا۔

کراچی 24 ستمبر 2021ء
سندھ کے وزیر بلدیات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے آج کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے صدر دفتر کارساز میں کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لئے دو نئی موبائل فون ایپلیکیشنز OTS آن لائن ٹینکر سروس اور SACM سیوریج کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ایڈ منسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وائس چیئرمین واٹر بورڈ نجمی عالم ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر اسد اللہ، واٹر بورڈ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لئے یہ دو نئی ایپلیکیشنز متعارف کی گئی ہیں تاکہ شہری ٹینکر سروس کی خدمات کے حصول کے لئے اور سیوریج کی شکایات کے ازالے کے لئے باآسانی گھر بیٹھے اپنی مسائل اور شکایات درج کراسکیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ان دونوں ایپلیکیشنز کو مناسب مانیٹر بھی کرے گی اور اگر کوئی غفلت اور کوتاہی ہوئی تو اس کا فوری ازالہ بھی کیا جائے گا۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جوانسال قائد بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں ہمارے وزراء کی ٹیم عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہے ہے اور اس ایپ کا آغاز اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ہینڈ آؤٹ نمبر(ایس۔اے۔این)