آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا

شائقین کرکٹ کے دلوں میں آج بھی زندہ سابق آسٹریلوی بیٹسمین اور پی ایس ایل میں دو فرنچائز کے لئے بطور کوچ فرائض انجام دینے والے ڈین جونز کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا۔

اپنے خاص انداز کی وجہ سے وہ لوگوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔

کرکٹ حلقوں میں پروفیسر ڈینو کے نام سے پہچانے جانے والے ڈین جونز 24 مارچ 1961 کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں پیدا ہوئے، ڈین جونز نے 52 ٹیسٹ میچز اور 164 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ڈین جونز نے کمنٹری اور کوچنگ کے شعبوں میں اپنا لوہا منوایا۔

انہوں نے پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے ابتدائی چار سیزن میں بطور کوچ خدمات انجام دیں، اس دوران اسلام یونائیٹڈ دو مرتبہ پی ایس ایل کی فاتح بنی۔

سال 2020 میں پروفیسر ڈینو کراچی کنگز کے ساتھ منسلک ہوگئے، اسی سال کراچی کنگز پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی، لیکن پلے آف مراحل سے قبل وہ جہاں فانی سے رخصت ہوگئے۔

پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے کے بعد کراچی کنگز کے کھلاڑیوں نے اپنی فتح ڈین جونز کے نام کی، ڈین جونز کا انتقال گزشتہ برس ممبئی کے ایک ہوٹل میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوا، جبکہ اُن کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال دماغ کی شریان پھٹنے سے ہوا۔

کرکٹ فینز پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں ڈین جونز کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔