نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان ملتوی کرنے پر سابق کرکٹرز کا ردّ عمل

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورۂ پاکستان ملتوی کرنے پر سابق کرکٹرز کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق کھلاڑی معین خان نے کہا ہے کہ دونوں ٹیموں کا دورہ پاکستان ملتوی کرنے کا فیصلہ افسوسناک ہے، عالمی سطح پر بھی اس فیصلے کی مذمت کی گئی ہے۔

معین خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہمارے عوام نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے بہت محنت کی۔

دوسری جانب سے سوئینگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے جتنی مایوسی آپ کو ہے، اتنی ہی مجھے بھی ہے، اب ہم سب کو مل کر ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کی حمایت کرنی ہے۔

وسیم اکرم نے کہا ہے کہ جب ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی تو سب ٹیمیں ان کے پیچھے بھاگیں گی۔

راشد لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال سے پی سی بی کو نیوزی لینڈ سے دوبارہ رابطہ کرنا چاہیے۔