شوال کا چاند نظر آگیا، کل بروز بدھ کو عید الفطر ہوگی

چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان مفتی منیب الرحمان کی جانب سے کیا گیا
کراچی –   کل عید الفطر ہوگی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک کے کئی علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوگئیں، چاند نظر آنے کا اعلان مفتی منیب الرحمان کی جانب سے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے، عید الفطر کل بروز بدھ  کو ہونے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کئی علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ شہادتیں موصول ہونے کے بعد مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر آنے اور کل عید الفطر ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا۔


شوال المکرم کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کی۔صوبائی سطحوں اور ڈویژن کی سطحوں پر بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں چاند دیکھنے کی شہادتوں کو اکٹھا کیا گیا۔ اجلاس میں علماء مشائخ اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ عمر پوری ہونے کے باعث چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔دوسری جانب جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم اعلیٰ مفتی محمد نعیم نے فواد چودھری کو وزارت سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ چاند کے مسئلے پرخیبرپختوبخواہ حکومت نے عید منانے کا اعلان کردیا۔اسلام میں 28روزے نہیں ہوتے۔


خیبرپختوبخواہ حکومت کے کہنے پر جس نے 28 روزے رکھے ہیں ان پر روزے کی قضا لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چودھری نے مذہبی معاملات میں مداخلت شروع کردی ہے۔یہ روایت ہمارے ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔سائنس شریعت کے تابع ہے ، شریعت سائنس کے تابع نہیں۔انہوں نے کہا کہ علماء کا مذاق اڑانا اور طنز کرنا مناسب نہیں۔مفتی نعیم نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ فواد چودھری کوفوری وزارت سے ہٹادے۔ انہوں نے کہا کہ چاند دیکھ کر عید کرنے کا حکم ہے ، فواد چودھری کا 5سالہ کیلنڈر نہیں چلے گا۔