کوشش ہے کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی کمی کی شکایت نہ ہو


ایڈمنسٹریٹر کراچی، ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی قلت ہے جسے پورا کرنے کے لئے فراہمی آب کے دیگرذرائع استعمال کئے جائیں گے جن میں ڈی سیلی نیشن پلانٹ کی تنصیب بھی شامل ہے، شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا، کوشش ہے کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی کمی کی شکایت نہ ہو، یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈی ایچ اے اتھارٹی کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر رائے عاصم مصطفی،پی سی آئی کے بریگیڈیئر یاسر الہی اور دیگر بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ کراچی میں پانی کی تقسیم کے عمل کو منصفانہ بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، فراہمی آب کے لئے ماضی میں مختلف منصوبے بنائے گئے جن پر خطیر لاگت آئی، کراچی میں پانی کی ضروریات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی گئیں اور قلت آب کے مسائل میں اضافہ ہوتا رہا تاہم موجودہ سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے جس کے لئے روایتی طریقوں کے بجائے ڈی سیلی نیشن پلانٹ سمیت دیگر جدید طریقے بروئے کار لائے جارہے ہیں، دنیا کے مختلف شہروں میں ڈی سیلی نیشن پلانٹ کے ذریعے قابل استعمال پانی حاصل کیا گیا ہے، خاص طور پر ساحلی علاقوں میں یہ تجربات کامیاب ثابت ہوئے ہیں، کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر اب وقت آگیا ہے کہ اس حوالے سے بھرپور اور جامع منصوبہ بندی کی جائے اور شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے جس سے شہریوں کے مسائل حل ہوں گے۔