سندھ میں نادرا دفاتر کے کچھ ملازمین دہشت گردوں کو شناختی کارڈ حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرنے میں ملوث ہیں،

میرپورخاص (تحسین احمد خان ) ایف آئی اے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے دو روز قبل ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا گووری شنکر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا یاسر زیب کے خلاف مقدمہ درج کرکے ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا گووری شنکرکو گرفتار کرلیا۔ گووری شنکر جھڈو نادرا سینٹر کے انچارج اشوک کا بہنوٸی ہے۔ ترجمان ایف آئی اے سندھ کے مطابق ملزم ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا گووری شنکر، ایف آئی اے کی جاری، جعلی شناختی کارڈ انکوائری میں گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھا، جبکہ دیگر دو گرفتار ملزمان افروز شاہانی اور حماد میمن میرپورخاص میں بھی رہ چکے ہیں*۔ ماضی میں سندھڑی کے علاقے بارہ میل پر نادرا وین کے عملے کا غیر ملکیوں کو پاکستانی قومی شناختی کارڈ کے اجراء کا بہت بڑا اسکینڈل بھی سامنے آچکا ہے اور سات ملازمین پر مقدمہ بھی درج ہے۔ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے کٸی افسران و ملازمین ناجائز فوائد حاصل کرنے کی خاطر عسکریت پسندوں اور دیگر کو قومی شناختی کارڈ تیار کرنے کے الزام میں گرفتار ہوچکے ہیں جنہوں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، القاعدہ برصغیر اور کالعدم تنظیموں کو مالی فوائد کے بدلے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں مدد دی تھی۔ صفورا بم دھماکے میں ملوث عمران علی نامی بھارتی شہری کے پاس بھی پاکستانی شناختی کارڈ تھا۔ سندھ میں نادرا دفاتر کے کچھ ملازمین دہشت گردوں کو شناختی کارڈ حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرنے میں ملوث ہیں، غیر ملکی ایجنسیوں نے نادرا کے نظام پر کام کرکے اسے بہت متاثر کیا ہے۔ ارض پاک کے حساس ادارے نے انسداد دہشت گردی کے لیے جاری آپریشن کے دوران نادرا کی جانب سے ہونے والی مبینہ کرپشن کو بے نقاب کیا تھا اور تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ نادرا کے بیشتر افسران دہشت گردوں اور شرپسندوں کو جعلی قومی شناختی کارڈ فراہم کرنے میں ملوث تھے۔