سلمان خان ترکی کے خوبصورت مناظر سے متاثر

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اپنی فلم ’ٹائیگر 3‘ کی شُوٹنگ کے دوران ترکی کے خوبصورت مناظر سے لُطف اندوز ہورہے ہیں۔
سلمان خان نے تاریخی کلیساؤں، عبادت گاہوں اور زیرِ زمین شہروں کی وجہ سے مشہور ترکی کے علاقے کپادوکیہ میں سورج طلوع ہونے کے مناظر کو انجوائے کرتے ہوئے اپنی ایک تصویر انسٹاگرام اکاؤنٹ کی زینت بنائی۔

سلمان خان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے ’طلوعِ شمس‘ کے ساتھ ہیش ٹیگ کپادوکیہ اور ترکی کا بھی استعمال کیا۔
اس سے قبل سلمان خان کی فلم میں ان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی کترینہ کیف نے بھی ترکی میں سیر سپاٹوں کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس کے کیپشن میں انہوں نے ترکی کے پرچم کے ساتھ لال دل والے ایموجی کا استعمال کیا تھا۔

ترکی میں موجود کترینہ اور سلمان نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ وہ بھی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ سے ناصرف واقف ہیں بلکہ انہیں یہ پسند بھی ہے۔
کترینہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سیریز کی تمام اقساط دیکھی ہیں جبکہ سلمان خان کا کہنا تھا کہ یہ سیریز ان کی والدہ کی پسندیدہ سیریز ہے۔