وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے زیر تربیت سندھ سیلز ٹیکس افسران کی سندھ ریونیو بورڈ گریجویشن تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ایس آر بی کے ٹیکنالوجی اور آٹومیشن پر بڑھتے ہوئے انحصار کو سراہا


کراچی (10 ستمبر 2021): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے زیر تربیت سندھ سیلز ٹیکس افسران کی سندھ ریونیو بورڈ گریجویشن تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ایس آر بی کے ٹیکنالوجی اور آٹومیشن پر بڑھتے ہوئے انحصار کو سراہا۔شاہین کمپلیکس میں جمعہ کو تقریب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب، چیئرمین ایس آر بی خالد محمود، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، ایس آر بی کے مشیر مشتاق کاظمی، معروف ماہر معاشیات قیصر بنگالی اور دیگر نے شرکت کی۔ایس آر بی نے مارچ 2021 میں 40 سندھ سیلز ٹیکس افسران (ایس ایس ٹی او) کی ایک بیچ کو شامل کیا۔ان کی پانچ ماہ کی تربیت سندھ انسٹیٹیوٹ آف فسکل مینجمنٹ (ایس آئی ایف ایم) نے کی جو کہ ایس آر بی کی ٹریننگ آرم ہے۔تربیت کے دوران ان افسران کی پیشہ ورانہ ضروریات کو پورا کرنے والے مضامین کی ایک وسیع صف کا احاطہ کیا گیا۔ ایس ایس ٹی اوز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے ایس آئی ایف ایم/ایس آر بی کی جانب سے تربیتی پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سندھ ریونیو بورڈ کی کارکردگی کو بھی سراہا جس نے 2011 جب سے اسے فعال کیا گیا ہے تب سے سندھ کے لیے خاطر خواہ آمدنی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر بی کا قیام ہمیشہ انکی پارٹی اور ان کی حکومت کے لیے باعث فخر ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ گریجویشن کرنے والے ایس ایس ٹی اوز سندھ ریونیو بورڈ اور صوبے کی اچھی طرح خدمت کریں گے اور وہ صوبے کی معاشی ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ ریونیو جمع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے گریجویٹ ہونے والے ایس ایس ٹی اوز میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایس آر بی دفاتر کا دورہ بھی کیا اور انتظامیہ اور عملے سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان پر زور دیا کہ وہ زیادہ لگن کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے شفافیت کو برقرار رکھنے اور ایسے نظام وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ٹیکنالوجی اور آٹومیشن پر سندھ ریونیو بورڈ کے بڑھتے ہوئے انحصار کو سراہاتے ہوئے کہا کہ اس عمل کو مسلسل جاری رہنا چاہیے۔

عبدالرشید چنا
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ