ہمدرد یونی ورسٹی کی جانب سے اولمپیئن طلحہ طالب کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ

ہمدرد یونی ورسٹی کی جانب سے اولمپیئن طلحہ طالب کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ ٹوکیواولمپکس میں ملک کا نام روشن کرنے پر پانچ لاکھ روپے و دیگر تحائف

ہمدرد یونی ورسٹی کی جانب سے مورخہ ۳ ۔ستمبر کو ٹوکیواولمپکس میں ویٹ لفٹنگ کے فائنل مقابلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوان اولمپیئن طلحہ طالب کے اعزاز میں ہمدرد یونی ورسٹی اور ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں خصوصی استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ویٹ لفٹر اولمپیئن ہمدرد یونی ورسٹی کی دعوت پرمدینۃ الحکمہ تشریف لائے ،جہاں موقع پر موجود ہمدرد یونی ورسٹی کےوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن صاحب، رجسٹرار پرویز احمد میمن صاحب، اسپورٹس ڈائریکٹر شاہ میر خٹک صاحب، فیکلٹی اراکین ، ہمدرد پبلک اسکول ، ہمدرد ولیج اسکول اور سینٹ جوزف اسکول کے نونہالوں نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن صاحب نے معزز مہمان سے دوران گفتگو ہمدرد یونی ورسٹی میں کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بانی و پہلے چانسلر شہید حکیم محمد سعید نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ اس لیے آج بھی ہمدرد یونی ورسٹی میں غیر نصابی سرگرمیوں میں اسپورٹس مقابلوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ہمدرد یونی ورسٹی ایچ ای سی کے اسپورٹس کلینڈر کے تحت کئی ملکی بین الجامعہ (انٹر یونی ورسٹی ) کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کرتی ہے۔ شاہ میر خٹک صاحب نے ہمدرد یونی ورسٹی میں کھیلوں کے لیےفراہم کی جانے والی سہولیات سےمتعلق معلومات دیں۔
بعد ازاں طلحہ طالب ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس تشریف لائے جہاں ہمدرد یونی ورسٹی کی چانسلر محترمہ سعدیہ راشد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل جناب فرخ امداد ، ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن ہمدرد فائونڈیشن پاکستان سید محمد ارسلان ، ہمدرد لیباریٹریز کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر فیصل اللہ جواد صاحب بھی موجود تھے۔ محترمہ سعدیہ راشد نے طلحہ طالب کا ٹوکیو اولمپکس کے فائنل میں پانچویں پوزیشن پر آنے اور ۳۸ سال بعد ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں کسی پاکستانی ایتھلیٹ کی اس درجہ بندی  میں نمائندگی پر مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں طلحہ طالب نہ صرف بھرپور تیاری کریں گے بلکہ دوسرے پاکستانی اتھلیٹس کی بھی فٹنس میں معاونت کریں گے ۔ اُنہوں نے ہمدرد فائونڈیشن کی جانب سے طلحہ طالب کو پانچ لاکھ روپے نقد کا انعام، شہید حکیم محمد سعید کے اقوال پر مبنی کتاب اور تعریفی شیلڈ بھی پیش کی۔
طلحہ طالب نے کہا کہ وہ ہمدرد یونی ورسٹی میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے بہت متاثر ہوئے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ہمدرد یونی ورسٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے تاکہ ہمدرد یونی ورسٹی سے عالمی مقابلوں میں اتھلیٹس بھیجے جاسکیں۔