عید الفطر پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان ریلوے نے عیدالفطر کے پُر مسرت موقع پر اضافی رش کے پیش نظر 5 خصوصی ٹرینیں چلانے کااعلان کیا ہے جاری شیڈول کے مطابق پہلی اسپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 2 جون کو صبح 10.45 بجے پشاور کے لئے روانہ ہو گی۔دوسری عید اسپیشل ٹرین 2 جون کو کوئٹہ سے دن 11.30 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہو گی ۔ ترجمان کے مطابق تیسری عید اسپیشل ٹرین 3 جون دن 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لئے روانہ ہو گی۔



چوتھی عید اسپیشل 8 جون کو راولپنڈی سے صبح 8 بجے کوئٹہ کے لئے جبکہ پانچویں اسپیشل ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام چھ بجے کراچی کینٹ کے لئے روانہ ہو گی۔ڈی سی او کراچی ریلوے اسحاق بلوچ کے مطابق عید اسپیشل ٹرینوں کی بکنگ کراچی سے 28 مئی سے شروع کردی گئی ہے جبکہ ٹکٹ آن لائن اور ریزرویشن دفاتر سے حاصل کیے جا سکیں گے۔