ابرار الحق کا آج کل کی ماؤں پر دلچسپ تبصرہ

معروف گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے آج کے دور کی ماؤں پر تربیت کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ کردیا۔

سوشل میڈیا پر گلوکار ابرارالحق کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابرارالحق نے کہا کہ ’جب ہم چھوٹے تھے تو اُس وقت کی مائیں بچوں کو گود میں لیکر اُنہیں کلمہ سُنا کر اور اللّہ تعالیٰ کا نام سُنا کر سُلایا کرتی تھیں اور بچے فوراََ سے سو بھی جاتے تھے۔‘
ابرارالحق نے موجودہ دور کی ماؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کل کی مائیں اپنے بچوں کو گود میں لیتی ہیں اُنہیں موبائل فونز تھما دیتی ہیں جن پر دُعاؤں کے بجائے ’بے بی شارک‘ چل رہا ہوتا ہے۔‘

گلوکار کے اس دلچسپ تبصرے پر تقریب میں موجود تمام شرکاء زور زور سے قہقہے لگانے لگے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی ابرارالحق کی یہ ویڈیو کلپ تیزی سے وائرل ہورہی ہے جہاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اُن کے بیان پر اتفاق کیا جارہا ہے۔