چیئرمین نیب نے ہماری چھوٹی سی فیملی سے تمام خوشیاں چھین لیں . خودکشی کرنے والے بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی بیٹی کا تازہ بیان سامنے آگیا

نیب کے نوٹسز سے تنگ آکر خودکشی کرنے والے بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی صاحبزادی مینا کا تازہ بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ  میں کسی سے بدلہ لینے پر یقین تو نہیں رکھتی مگر چیئرمین نیب کے تازہ ا سکینڈل کے منظر عام پر آنے سے مجھے منفی قسم کی خوشی محسوس ہورہی ہے کیونکہ اس شخص نے ہماری چھوٹی سی فیملی سے تمام خوشیاں چھین لیں۔ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی صاحبزادی نے یہ بیان سوشل میڈیا پر اپنے اکاؤنٹ پر دیا ہے۔


یاد رہے کہ سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی موت کو خودکشی قرار دیتے ہوئے خودکشی کی وجہ نیب کے نوٹسز کو بیان کیا گیا تھا۔بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی صاحبزادی مینا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ یقینی طور پر میں چیئرمین نیب کو متعدد خاندانوں کو تباہ کرنے اور میرے معزز والد کو اذیت پہنچانے کا ذمہ دار ار سمجھتی ہوں۔ یاد رہے کہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی لاش ڈپلومیٹک انکلیو میں ان کے فلیٹ کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی ۔اسد منیر نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کے نام  ایک خط چھوڑا تھا ۔جس میں کہا گیا تھا کہ میری چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ وہ نئے حکام کی کارروائیوں کا نوٹس لیں تاکہ کسی سرکاری افسر کو ان جرائم کی سزا نہ ملے جس کا وہ مرتکب ہی نہیں ہے۔