فضاعلی کا اپنی طلاق سے متعلق انکشاف

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، میزبان و ماڈل فضا علی کی جانب سے اپنی طلاق کی وجہ سے متعلق انکشاف کیا گیا ہے۔

فضا علی نے حال ہی میں جگن کاظم کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی، اس دوران انہوں نے اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق بات بھی کی۔

فضا علی نے کسی شو پر لائیو پہلی بار اپنی طلاق اور طلاق کا سبب بنے والی وجوہات کے بارے میں اپنے ناظرین کو بتایا۔

فضا علی نے میزبان جگن کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’وہ اپنے سابق شوہر فواد فاروق سے شادی سے قبل کراچی میں رہائش پذیر تھیں، اُن کے شوہر ایک کاروباری شخصیت تھے اسی لیے وہ اپنے شوہر کے ہمراہ ہی لاہور آئی تھیں۔‘

فضا علی کا کہنا تھا کہ ’سابق شوہر فواد سے اُن کا کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا، نہ ہی ان کے شوہر نے کبھی انہیں گالی دی اور نہ ہی اُن پر ہاتھ اٹھایا لیکن اُن کے شوہر ایک سماجی شخصیت ہیں، اُن کے شوہر کو پارٹیوں میں شرکت کا شوق تھا لیکن جس فیملی سے وہ تعلق رکھتی ہیں وہاں یہ سب پسند نہیں کیا جاتا تھا۔‘

فضا علی کا بتانا تھا کہ ’فواد کو سوشلائزنگ کا بہت شوق تھا اور اُن کے شوہر کی خواہش تھی کہ وہ بھی سوشل ہو جائیں اور حلقہ احباب میں اُن کی (فضا علی) کی باتیں ہوں۔‘

فضا علی نے کہا کہ ’اُن کے شوہر کا ماننا تھا کہ وہ جو بھی کام کرتی ہیں وہ سب کچھ کچرا ہے، وہ دو ٹکے کا کام کرتی ہیں اور اُن کے شوہر کے لیے اُن کا سوشل ہونا زیادہ اہم تھا بجائے انڈسٹری میں کام کرنے کے۔‘

فضا علی نے اپنے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ ’ہماری زندگی میں کچھ ایسے ذاتی مسائل بھی سامنے آئے جس کے بعد اُن کے گھر والوں نے فیصلہ کیا کہ وہ فواد کے ساتھ نہیں رہیں گی، اس پر کوئی جھگڑا نہیں ہوا اور نہ کوئی ماحول خراب ہوا تھا، بیٹی کی خاطر ہم آج بھی ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں، وہ فواد کے گھر جاتی ہیں لیکن اگر کوئی مسئلہ ہو جائے تو گھر کے باہر ہی کھڑے بات کر لیتی ہیں اور ساس سسر کو وہ آج بھی امی ابو ہی کہتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ فضا علی کی 2007 ء میں فواد فاروق سے شادی ہوئی تھی اور اِن کی ایک بیٹی بھی ہے
https://jang.com.pk/news/970719