یہ ایک بلیک میلرز کا گروپ ہے جس کا مقصد ادارے اور چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروع کرنا ہے ،نیب

پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے نجی ٹی وی چینل نیوز ون پر چیئرمین نیب کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی، من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ قرار دیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک بلیک میلرز کا گروپ ہے جس کا مقصد ادارے اور چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروع کرنا مقصود ہے۔ نیب کے بیان کے مطابق تمام تر دباؤ اوربلیک میلنگ کو پس پشت ڈالتے ہوئے ادارے نے اس گروہ کے دو افراد کو نہ صرف گرفتار کیا ہے بلکہ ریفرنس کی بھی منظوری دی گئی ہے۔


نیب کے مطابق چیئرمین نیب کے حوالے سے یہ خبر بلیک میلنگ کر کے نیب ریفرنس سے فرار کا راستہ ہے۔ نیب کی جانب سے یہ تردید نجی چینل نیوز ون پر چلنے والی ایک ویڈیو کے بعد آئی ہے جس میں مبینہ طور پر چیئرمین نیب جاوید اقبال کو ایک خاتون سے نازیبا گفتگو کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ تاہم ویڈیو چلنے کے کچھ دیر بعد ہی نیوز ون نے اپنی خبر کی تردید کرتے ہوئے چیئرمین نیب سے معذرت بھی کر لی ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال گزشتہ چند روز سے ایک مقامی صحافی جاوید چوہدری کو دیے گئے ایک انٹرویو کے بعد سے خبروں میں ہیں ۔