ایسے بالی ووڈ اسٹارز جو اپنی فلموں پر آج بھی پچھتاتے ہیں

بھارتی فلم انڈسٹری میں ایسے اسٹارز بھی موجود ہیں جنہوں نے ایسی فلمیں بھی دی ہیں جو سپر ہٹ ہوئیں اور ایک عرصہ گزرنے کے باوجود انھیں آج بھی پسند کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب ان اسٹارز نے اپنی زندگی میں ایسی فلمیں بھی کر ڈالیں جن کے بارے میں اب نہ وہ دوبارہ سوچنا چاہتے ہیں اور نہ ہی اس طرح کی فلموں میں دوبارہ کام کرنے کا ارادہ ہے جبکہ ماضی میں یہ فلمیں سائن کرنے پر انھیں بے حد افسوس اور پچھتاوا بھی ہے۔

فلم ’بوم‘ سے اپنی کیریئر کا آغاز کرنے والی کترینہ کیف نے اس فلم میں کام کرنے کو اپنی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران کترینہ کیف کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ کبھی ایسی فلموں میں کام نہیں کریں گی، ان سے غلطی ہوئی، کیونکہ وہ جب بھارت آئیں تو اس وقت بھارت کی ثقافت کے بارے میں نہیں جانتی تھیں۔

فلم ’ہمشکلز‘ میں دو کردار نبھانے والے سیف علی خان کو اس فلم میں خاتون کا روپ اپنانے پر بے حد پشیمانی ہے۔

سیف نے اس فلم کے بارے میں انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ فلم دیکھنے کے بعد میں نے خود سے سوال کیا تھا کہ آخر میں یہ کر کیا رہا ہوں؟ اس فلم سے میں نے اپنے مداحوں کو بہت مایوس کیا تھا۔

فلم ’عشق وشک‘ سے فلم ’کبیر سنگھ تک‘، شاہد کپور کے نام پر متعدد بڑی فلمیں موجود ہیں، لیکن انھیں اپنے کیریئر میں فلم ’شاندار‘ کرنے پر افسوس ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران شاہد نے اس بات کا انکشاف بھی کیا تھا کہ وہ رومانس اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’چھپ چھپ کے‘ میں بھی کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔

ابھے دیول کی فلمیں تو زیادہ نہیں لیکن جو بھی فلمیں کیں ان میں کمال اداکاری دکھائی۔

تاہم ان فلموں میں ابھے کے لیے بھی ایک ایسی فلم ’عائشہ‘ تھی جس میں وہ کام کرنے پر افسوس کرتے ہیں۔

انھوں نے ایک انٹرویو میں یہ انکشاف کیا تھا کہ فلم کی عکس بندی کے دوران انھیں یہ احساس ہوگیا تھا کہ فلم اداکاری سے زیادہ لباس کی نمائش پر مبنی ہے۔

بالی ووڈ کوئن پریانکا چوپڑا ایک بہت ہی بہترین اور باصلاحیت اداکارہ ہیں، انھوں نے جب بھی جس بھی فلم میں کام کیا اسے ہٹ کردیا۔

تاہم انھوں نے جنوبی بھارت کے سپر اسٹار رام چرن کے ساتھ بالی ووڈ فلم ’زنجیر‘ کی تھی جس کے بارے میں انھوں نے کہا تھا کہ اکثر غلطیاں ہوجاتی ہیں۔

فلم کے بعد پریانکا کا کہنا تھا کہ وہ اس فلم میں خود کو ملے کردار سے خوش نہیں تھیں۔