-ظاہر جعفر کا کرمنل ریکارڈ نکل آیا-نور مقدم جیسے کیسوں کا حل پولیس مقابلہ نہیں ہے،تجزیہ کار

اسلام آباد میں 28 سالہ لڑکی کے بہیمانہ قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کا برطانیہ میں کرمنل ریکارڈ نکل آیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کا انگلینڈ میں بھی کرمنل رکارڈ موجود ہے اور وہ وہاں تین ماہ جیل کاٹ چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم ماضی میں اپنی والدہ اور چھوٹے بھائی پر بھی تشدد کرچکا ہے۔

سیکٹر ایف سیون فور کے مکان سے آہنی کلپ، خون آلود چاقو ، پستول اور 100 سے زائد گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم پولیس کو بھٹکانے کی کوششیں کررہا ہے، کیس سے ہٹ کر غیر ضروری باتیں کر رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھر سے پستول برآمد ہوا جس میں گولی پھنسی ہوئی تھی، گولی پھسنے کی وجہ سے پستول نہیں چلا۔

اسلام آباد میں لڑکی کا قتل، ملزم نے پولیس کو اب تک کوئی بیان نہیں دیا

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ لڑکی کے قتل کے ملزم ظاہر کو موقع واردات سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم ظاہر جعفر کا تعلق بزنس فیملی سے ہے برطانیہ سے پڑھ کر آیا۔

ایس ایس پی نے کہا کہ جب ملزم کو گرفتار کیا اس وقت وہ نشے میں بالکل نہیں تھا، گرفتاری کے وقت ملزم مکمل ہوش و حواس میں تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم برطانیہ یا جن ملکوں میں گیا وہاں سے بھی کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، مقتولہ اور ملزم کے والدین، ملزم کے گھر کے 2 سیکیورٹی گارڈز کے بیانات قلم بند کرلیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ فارنزک ٹیم نے تمام شواہد موقع سے اکٹھے کرلیے ہیں، تمام شواہد، مقتولہ اور ملزم کے سیمپل ڈی این اے ٹیسٹنگ کے لیے لیب ارسال کردیئے گئے
———————————————-
https://jang.com.pk/news/960163
—————–

نور مقدم جیسے کیسوں کا حل پولیس مقابلہ نہیں ہے،تجزیہ کار

جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان سارہ الیاس کے پہلے سوال کیا نور مقدم جیسے کیسوں کا واحد حل پولیس مقابلہ ہی ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ نور مقدم جیسے کیسوں کا حل پولیس مقابلہ نہیں ہے،معاشرہ اور حکومت بھی وہی کرنے لگے جو مجرم کرتے ہیں تو ان میں کیا فرق رہ جائے گا۔ریما عمر نے کہا کہ نور مقدم جیسے کیسوں کا حل پولیس مقابلہ نہیں ہے، ماورائے عدالت حل نہیں بلکہ ایک مسئلہ ہے، ہمارا نظام انصاف اس معیار تک نہیں پہنچا کہ لوگ ہر معاملہ میں انصاف کی توقع کرسکیں،شیخ رشید وزیرداخلہ ہیں کیا انہیں اس وقت خواتین کے احساسات نہیں پتا ہیں، شیخ رشید ایسی باتیں کر کے خواتین کی بے عزتی کررہے ہیں، شیخ رشید کو فضول باتیں کرنے کے بجائے ملزم کو سزا دلانے پرتوجہ مرکوز کرنی چاہئے، یہاں روزانہ خواتین، بچیوں اور بچوں کیخلاف سیکڑوں جرائم ہوتے ہیں کس کس کو ماورائے عدالت قتل کریں گے، ہمیں اپنا نظام انصاف مضبوط بنانا ہے تاکہ ہر کسی کو انصاف مل سکے، بہت سے لوگ نظام کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں ان کے ساتھ مل کر کام کریں۔
https://jang.com.pk/news/965833?_ga=2.256046216.267775647.1628044895-1513777288.1628044882