یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنماؤں کی وزیراعلیٰ سندھ سے لاک ڈاؤن واپس لینے کی اپیل

کراچی ( ) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل، سیکریٹری جنرل ظفر بختاوری، سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، ایف پی سی سی آئی 2021 کی ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر رہنماؤں اور یو بی جی کے ممبران نے پاکستان کے تجارتی اور معاشی حب کراچی میں ہفتہ بھر کا لاک ڈاؤن لگانے کے سندھ حکومت کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے شہر کی غریب آبادی بری طرح متاثر ہوگی جہاں لاکھوں خاندان روزانہ کی اجرت اور چھوٹے کاروبار پر انحصار کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہفتہ بھر کا لاک ڈاؤن نہ صرف کراچی کی معاشی صورتحال پر منفی اثرات مرتب کرے گا بلکہ بالآخر پوری قومی معیشت کو بھی متاثر کرے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ واپس لیں ورنہ معاشی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے پورے شہر کو بند کرنے کے بجائے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز دی تاکہ معاشرے کے غریب طبقے کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کوویڈ کی سنگین صورتحال پر قابو پانے کے لیے انہوں نے ویکسینیشن سینٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعداد بڑھانے کی تجویز دی۔ یو بی جی رہنماؤں نے کہا کہ ناکافی انتظامات کی وجہ سے ، لوگوں کی بڑی تعداد ویکسینیشن سینٹرز کے باہر جمع ہوکر ایس او پیز کی صریح خلاف ورزی کرتی نظر آرہے ہیں۔ حکومت عام لوگوں کو گھروں میں کورونا ویکسین لگانے کیلئے گھر گھر مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات بھی بری طرح متاثر ہوں گی کیونکہ غیر ملکی خریداروں کی جانب سے برآمدات کے آرڈرز منسوخ کر دیے جائیں گے جو اس وقت بڑھتی مہنگائی اور پیداواری لاگت میں بمشکل تیار کئے گئے ہیں