گوادر کرکٹ اکیڈمی نے اُبھرتے ہوۓ نوجوان کھلاڑیوں میں پروفیشنل اسپورٹس شوز تقسیم کئے

عبدالجلیل عیسیٰ اور عبدالواحد صالح کو ( سی اے) برینڈ کے اسپورٹس شوز گفٹ دیئے گئے
گوادر (پ ر)گوادر کرکٹ اکیڈمی نے نوجوان کھلاڑیوں میں( سی اے) برینڈ کے اسپورٹس شوز تقسیم کئے ۔تفصیلات کے مطابق گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی و صدر حاجی حنیف حسین اور سکریٹری اُستاد اصغر حسین نے گوادر کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر عبدالجلیل عیسیٰ اورپولارڈ کے عرفیت سے مشہور و معروف ابھرتے ہوۓ آل راﺅنڈر عبدالواحد صالح کو ( سی اے) برینڈ کے اسپورٹس شوز گفٹ دیئے تاکہ ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو اور مذید محنت سے وہ اپنا اور اپنے شہر گوادر کا نام روشن کریں ۔ اس موقع پہ گوادر کرکٹ اکیڈمی کے سکریٹری اُستاد اصغر حسین نے کہا کہ عبدالجلیل جیسے نوجوان فاسٹ بالر ہمارے گوادر شہر کے لئیے سرمایہ ہیں کہ جن کی گیندوں کی رفتار اور لائن و لینتھ دیکھ کر یقینا کہا جا سکتا ہے کہ وہ اچھے اچھے بیٹسمینوں کی چھکے چھڑانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں اور عبدالواحد صالح جو مقامی طور پر “ون مین آرمی” کے لقب سے مشہور ہیں، جب تک کریز پہ ہوتے ہیں تو مخالف ٹیم کے اوسان خطا ہی رہتے ہیں – مخالف ٹیم کی سمجھ میں نہیں آتا کہ اِن کو کیسے آؤٹ کیا جاۓ – وہ اپنے زوردار شاٹ اور جارحانہ بیٹنگ سے کسی بھی پھنسے ہوۓ میچ کو اپنے حق میں کر دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ ایک فائٹر اور میچ ونر کھلاڈی ہیں جو کسی بھی کمبائنڈ ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں – مذید خطاب کرتے ہوئے اُستاد اصغر حسین نے کہا کہ گوادر میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اِن نوجوانوں کے پاس کرکٹ سامان اور جدید سہولیات کی انتہائی کمی ہے جو اِن نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے میں حائل بہت بڑی رکاوٹ ہے کہ جسے ہم نے دور کرنا ہے اور ان جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد کرنی چائیے تاکہ یہ سہولیات پاکر یہ کھلاڑی قومی سطح پر اپنے نام کو اُجاگر کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔ عبدالجلیل اور عبدالواحد جیسے نوجوانوں پہ ہمیں ناز ہے کہ جو گوادر کے کرکٹ کے مسقبل کے معمار ہیں ۔ اُستاد اصغر حسین نے مذید کہا کہ بلوچسٹان کو ان جیسے ٹیلنٹ کی اشد ضرورت ہے کہ جن کو کرکٹ کھیلنے اور سخت محنت کرنے کا جنون ہو، اُمید کرتے ہیں کہ یہ کھلاڑی جس طرح آج اپنے شہر اور ڈسٹرکٹ کی ٹیم میں منتخب ہوتے رہے ہیں، آنے والے دنوں میں اپنی سخت محنت سے صوبائی اور قومی ٹیم میں بھی اپنی جگہ بنا جائیں گے- اختتامی کلمات میں اُستاد اصغر حسین نے بتایا کہ گوادر کرکٹ اکیڈمی کی انتظامیہ اپنی مدد آپ کے تحت ان نوجوان کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد کر تی رہی ہے اور اب کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے اسپانسرز کو آگے بڑھ کر گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کی مدد کرنا ہو گی کیونکہ یہ سبھی جانتے ہیں کہ کھیل صرف جسمانی سرگرمی کا نام نہیں بلکہ اس سے ہمارے نوجوان نسل کو کئی برائیوں سے بچایا بھی جا سکتا ہے