باجوڑ: خاتون کی شوہر کے قاتل سےانتقام لینےکیلئے انوکھی پلاننگ

باجوڑ میں ایک خاتون نے بظاہر نرینہ اولاد نہ ہونے کے سبب اپنے شوہر کے قتل کا بدلہ خود لینے کی ٹھانی اور ایک منصوبے کے تحت قاتل سے شادی کرنے کے بعد اسے گولیاں مار کر اپنا انتقام لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کشمیری بی بی کی اپنے پہلے شوہر شاہ زمین کے ساتھ ازدواجی زندگی عرصہ سال تک رہی تھی جس کے بعد اس کے شوہر کو مبینہ طور پر گلستان نامی شخص نے قتل کردیا۔
گزشتہ شب باجوڑ پولیس کو اطلاع ملی کہ قلعہ عنایت کے قریب کشمیری بی بی نامی خاتون نے اپنے شوہر گلستان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے جس پر ڈی پی او باجوڑ عبدالصمد نے ایس پی انویسٹی گیشن محمدزمان کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی جس نے جائے وقوع سے ملزمہ کشمیری بی بی کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
دوران تفتیش ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے شوہر کے مبینہ قاتل گلستان سے ایک سال قبل شادی کی تھی۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ گلستان نے میرے مقتول شوہر شاہ زمین کو زہریلا انجکشن لگا کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اور جیسے ہی مجھے اس بات کا پتہ چلا تھا میں نے اپنے شوہر کا انتقام لینے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
ملزمہ کا کہنا تھا کہ اس کااور دونوں شوہروں کا تعلق ایک ہی گاؤں قلعہ عنایت سے ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے پہلے شوہر شاہ زمین نے اس سے ایک موقع پر تذکرہ بھی کیا تھا کہ اسے گلستان سے جان کا خطرہ ہے۔
کشمیری بی بی نے بتایا کہ شاہ زمین کے قتل کے بعد اس نے بدلہ لینے کی ٹھانی اور ایک منصوبہ بندی کے تحت پہلے گلستان سے دوستی کی اورپھر اس سے شادی کرنے میں کامیاب ہوگئی جس کے بعد بالآخر اسے قتل کرکے اپنے شاہ زمین کے خون کا انتقام لے لیا۔ اس نے بتایا کہ اس کی شاہ زمین سے صرف ایک بیٹی تھی جبکہ دوسرے شوہر سے اس کی کوئی اولاد نہیں۔
سماء ڈیجیٹل نے اس حوالے سے باجوڑ ڈی پی او آفس رابطہ کیا جہاں موجود ایک افسر محمد اقبال نے بتایا کہ خاتون نے یہ بیان عدالت میں بھی ریکارڈ کروا دیا ہے جس کی روشنی میں کیس کی تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے
———-Siraj-Khan———–

باجوڑ: خاتون کی شوہر کے قاتل سےانتقام لینےکیلئے انوکھی پلاننگ