بینک اس بات کی تصدیق کرے کہ مجوزہ قرضہ ہیسکول پیٹرولیم کو دیا گیا- تمام ریکارڈ ایف آئی اے کو فراہم کیا جائے

کراچی (اسد ابن حسن) ہیسکول پیٹرولیم کمپنی کی ایف آئی اے میں جاری تحقیقات میں انکوائری آفیسر نے 9بینکوں کو تفصیلات فراہم کرنے کیلئے نوٹسز کا اجرا کردیا ہے اور تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈائریکٹر سندھ زون عامر فاروقی نے تصدیق کی۔ تفصیلات کے مطابق کمرشل بینک سرکل میں ہیسکول کے خلاف انکوائری نمبر 127/2021درج ہوئی جس میں الزام ہے کہ ہیسکول انتظامیہ نے 9بینکوں سے 54 ارب 50کروڑ کے قرضے لیے اور جعلی خریداری دکھا کر نقصان ظاہر کیا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا اور بینکوں کے یہ قرضے ’’کلاسیفائیڈ‘‘ (واپسی تقریباً ناممکن) قرار دیئے جاچکے ہیں۔ انکوائری آفیسر ذیشان شیخ نے جن بینکوں کو نوٹسز جاری کیے ہیں ان میں نیشنل بینک (قرضہ 23ارب)، حبیب میٹرو پولیٹن بینک (قرضہ 6ارب)، حبیب بینک لمیٹڈ (قرضہ 5ارب)، بینک الفلاح لمیٹڈ (قرضہ 4ارب)، میزان بینک (قرضہ 5ارب)، عسکری بینک (قرضہ 4ارب)، دبئی اسلامی بینک (قرضہ ایک ارب 50کروڑ)، عسکری بینک سے ایک اور قرضہ 4ارب روپے کا اور سلک بینک سے 2ارب کا قرضہ شامل ہیں۔ انکوائری آفیسر نے مزید تحریر کیا ہے کہ بینک اس بات کی تصدیق کرے کہ مجوزہ قرضہ ہیسکول پیٹرولیم کو دیا گیا، اس کی تفصیلات کیا ہیں اور اس حوالے سے تمام ریکارڈ ایف آئی اے کو فراہم کیا جائے اور یہ بھی بتایا جائے کہ قرضے کی موجودہ حیثیت کیا ہے۔ اس کے علاوہ اگر قرضے کے علاوہ بھی کوئی اور قرضہ یا فنانشل سہولت دی گئی ہے تو اس سے بھی آگاہ کیا جائے۔ مزید ہر بینک کو یہ بھی تاکید کی گئی ہے کہ کوئی فوکل پرسن تحقیقات میں ریکارڈ فراہم کرنے اور دیگر معلومات دینے کے لیے نامزد کیا جائے۔ اس حوالے سے جب ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سندھ زون عامر فاروقی سے رابطہ کیا گیا تو اُنہوں نے تصدیق کی کہ نو بینکوں کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں

https://jang.com.pk/news/956832?_ga=2.114691905.718278265.1626321479-778907790.1626321472