محکمہ تعلیم میں 46500 پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے ملنے والی 5 لاکھ درخواستوں کے بعد اب ان امیدواروں کے ٹیسٹ اگست کے دوسرے ہفتہ میں لئے جائیں گے

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں 46500 پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے ملنے والی 5 لاکھ درخواستوں کے بعد اب ان امیدواروں کے ٹیسٹ اگست کے دوسرے ہفتہ میں لئے جائیں گے۔ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیوں اور صاف و شفاف ٹیسٹ کے انعقاد کے لئے آئی بی اے سکھر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ان ٹیسٹ کے ڈویژن کے تحت ٹیسٹ کے امتحانات کے لئے بائیو میٹرک، سی سی ٹی وی کی تنصیب سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنائے۔ ہمیں امید ہے کہ ان ٹیسٹ کے نتائج کے بعد جو اساتذہ بھرتی ہوں گے اس سے ہمارے تعلیم کا معیار مزید بہتر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سیکرٹری تعلیم کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، وائس چانسلر سکھر آئی بی اے سید میر محمد شاہ، رجسٹرار سکھر آئی بی اے ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ، آئی ٹی ایکسپرٹ ظفر احمد، ڈائریکٹر ایچ آر محمد جنید اور دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ کے طریقہ کار، سینٹرز، امیدواروں کی بائیومیٹرک حاضری اور صاف و شفاف فوری نتائج سمیت دیگر پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ سعید غنی نے کہا کہ صوبے بھر سے یونین کونسل کی سطح پر پی ایس ٹی اور جےای ایس ٹی کی 46 ہزار 500 سے زائد اسامیوں کے لئے ملنے والی 5 لاکھ درخواستوں اور ان کے ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر سے تفصیلی بریفنگ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ڈویژن کی سطح پر 6 ڈویژن کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص اور لاڑکانہ میں منعقد کئے جائیں گے اور تمام سینٹرز کی روزانہ ہونے والے ٹیسٹ کی مکمل سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی جائے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ تمام امیدواروں کو مکمل طور پر کھلی فضا میں ٹیسٹ دینے کا موقع میسر آسکے اور ٹیسٹ کے شفاف انعقاد اور اس کے میرٹ پر نتائج کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں جائیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام اساتذہ کی بھرتی مکمل میرٹ پر ہو تاکہ اس کے مثبت نتائج ہمیں میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ کوئی بھی ایسا معاملہ ہو کہ امیدواروں کو یہ محسوس ہو کہ اس کو کھلے اور صاف و شفاف طریقے سے ٹیسٹ دینے کا موقع نہ ملے اور نتائج کے شفاف ہونے کے لئے بھی تمام اقدامات کو بروئے کار لیا جائے اور اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے۔ اس موقع پر وائس چانسلر آئی بی اے سکھر سید میر محمد شاہ نے کہا کہ اس بار ٹیسٹ کا انعقاد ڈویژن کی سطح پر ہوگا اور ٹیسٹ پہلے مرحلے میں پی ایس ٹی اور دوسرے مرحلے میں جے ای ایس ٹی کے منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کا انعقاد ماہ اگست کے دوسری ہفتہ میں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار کی انفرادی جوابی شیٹ ہوگی، جس پر اس کی تصویر اور مکمل معلومات پہلے سے ہی درج کی ہوگی۔ وائس چانسلر آئی بی اے سکھر نے کہا کہ ٹیسٹ کے بعد امیدوار آئی بی اے سکھر کی ویب سائٹ پر جاکر اپنی جوابی شیٹ اور جوابی کی ازخود بھی چیک کرسکے گا۔