گورنرسندھ سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے 6 رکنی وفد کی گورنر ہاﺅس میں ملاقات

کراچی – گورنرسندھ عمران اسماعیل سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے 6 رکنی وفد نے کنور نوید کی قیادت میں گورنرہاﺅس میں ملاقات کی۔ وفد میں کنور نوید جمیل ، صلاح الدین ، صابر قائم خانی، راشد خلجی،نعیم صدیقی اور ناصر قریشی شامل تھے۔ ملاقات میں کراچی ترقیاتی پیکج ، شہرکی مستقبل کی ضروریات کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا جبکہ وفاق کے تعاون سے فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کی جلد سے جلد تکمیل اورمل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا عزم بھی کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ شہر کے دیرینہ مسئلہ فراہمی ونکاسی آب کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں،


کراچی ترقیاتی پیکج کے حوالہ سے وزیر اعظم پاکستان سے مسلسل رابطہ ہے شہر کے اسٹیک ہولڈرز سے کی جانے والی مشاورت سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا جا رہا ہے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن شہر کے وسیع تر مفاد میں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔ ملاقات میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے گورنر سندھ کو کراچی میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی حالات زار بہت زیادہ خراب ہے اس کے حل کے لئے وفاقی حکومت کا تعاون انتہائی ناگزیر ہے ، وفاق کی جانب سے کراچی کے لئے ترقیاتی پیکج سے عوام کو زبر دست سہولیات حاصل ہوں گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں